ٹینس سٹار رافیل نڈال ریکارڈ دسویں بار فرینچ اوپن کے فاتح

رفائل نڈال تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption رفائل نڈال نے دسویں بار فرنچ اوپن جیت کر اپنے گرینڈ سلیم کی تعداد 15 کرلی ہے

سپین کے ٹینس سٹار رافیل نڈال نے اتوار کو پیرس میں سرخ مٹی کے کورٹ پر ایک بار پھر وہی کارنامہ انجام دیا جو وہ گذشتہ 13 برسوں میں نو بار فرینچ اوپن میں انجام دے چکے تھے۔

اتوار کو اپنے مداحوں کے درمیان وہ ہاتھ میں ریکٹ تھامے کورٹ پر آئے اور سوئٹزرلیند کے سٹین واورنکا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر ریکارڈ دسویں بار فرینچ اوپن کا سنگلز اپنے نام کیا۔

جیت کے بعد نڈال نے کہا: 'میں تمام میچز میں اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتا ہوں لیکن یہاں مجھے جیسا محسوس ہوتا ہے اسے بیان کرنا مشکل ہے۔ آپ اس کا موازنہ نہیں کر سکتے ہیں۔'

رافیل پہلے مرد یا خاتون ٹینس کھلاڑی ہیں جنھوں نے فرینچ اوپن گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں دس بار کامیابی حاصل کی ہے۔

٭ فیڈرر نے ندال کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن جیت لیا

انھوں نے 2-6،3-6،اور 1-6 سے یہ ٹائٹل جیت کر اپنا 15واں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتا ہے۔

خیال رہے کہ اس جیت کے ساتھ انھوں نے پیٹ سیمپراس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور روجر فیڈرر کے بعد اب دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption گرینڈ سلام دور کے بعد وہ کسی ایک گرینڈ سلام میں سب سے زیادہ کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے

روجر فیڈرر نے رواں سال جنوری میں رافیل نڈال کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن میں جیت حاصل کی تھی جو کہ ان کا 18واں گرینڈ سلام ٹورنامنٹ تھا۔

آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ نے سنہ 1960 سے 1973 کے درمیان 11 بار آسٹریلین اوپن میں جیت حاصل کر رکھی ہے اور کسی ایک گرینڈ سلام میں سب سے زیادہ جیت انھی کے نام ہے۔

نڈال نے اس جیت سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کلے کورٹ کے بادشاہ ہیں اور انھیں کوئی چھو بھی نہیں سکتا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سٹین واورنکا اپنے تین ٹائٹل جیتنے کے بعد پہلی بار فائنل میں شکست سے دو چار ہوئے ہیں

سٹین واورنکا نے سنہ 2015 میں فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا تھا لیکن رواں سال کے فائنل میں وہ پھر سے اپنا سابقہ حیرت انگیز کارنامہ نہیں دکھا سکے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں