ہاکی پرو لیگ کی ٹیموں کا اعلان، پاکستان شامل

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن نے 2019 میں ہونے والی ہاکی پرو لیگ کے لیے منتخب کی گئی ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے جن میں مردوں کے مقابلوں میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم بھی شامل ہے۔

انڈیا ایشیئن چیمپیئز ٹرافی ٹورنامنٹ کا فاتح

ہاکی پرو لیگ کا افتتاح جنوری 2019 میں ہونا ہے اور یہ جون تک جاری رہے گی۔ اس ٹونامنٹ میں نو ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ ہوم اور اوے میچ کھیلیں گی۔

تاہم پاکستانی ہاکی ٹیم اپنے ہوم میچز سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں کھیلے گی تاکہ دیگر ٹیموں کے پاکستان آنے کی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

اس لیگ میں کل 144 میچ کھیلے جائیں گے۔ مردوں کے مقابلوں میں پاکستان کے علاوہ ارجنٹینا، آسٹریلیا، بلجیئم، برطانیہ، جرمنی، انڈیا، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

خواتین کے مقابلوں میں ارجنٹینا، آسٹریلیا، چین، برطانیہ، جرمنی، انڈیا، ہالینڈ، نیوزی لینڈ اور امریکہ مدِ مقابل ہوں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ FIH

اس موقع پر بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن کے سی ای او جیسن میک کریکن نے کہا کہ’ہمیں اس مقابلے کا باضابطہ نام اور اس میں شرکت کرنے والی ٹیموں کا اعلان کرنے پر خوشی ہے۔ اگرچہ دو طرفہ بین الاقوامی دورے یا ایک ہی مقام پر بین الاقوامی لیگز باقاعدگی کے ساتھ کھیلی جاتی ہیں، یہ بلاشبہ اپنی نوعیت کا پہلا مقابلہ ہو گا، جس میں قومی ٹیمیں ہر سال چھ مہینوں کے دوران دنیا بھر میں اپنے ملک میں اور باہر میچز کھیلیں گی۔ ہاکی پرو لیگ چار سالوں سے قائم کی جا رہی تھی اور وسیع مشاورتی اور تجزیاتی عمل کے بعد بنائی جا رہی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا ’ہمیں پورا یقین ہے کہ یہ نیا مقابلہ آنے والے کئی سالوں کے لیے اس کھیل میں نئی روح پھونکے گا۔‘

یاد رہے کہ پاکستان ہاکی کے لیے کامیاب ترین دور 1975 سے 1990 تک، 15 سال کا عرصہ تھا۔ وہ 1978 میں ایک سال میں تین بڑے اعزاز جیتنے والی پہلی قومی ہاکی ٹیم بنی جن میں ہاکی ورلڈ کپ، ایشین گیمز اور سب سے پہلی چیمپئنز ٹرافی تھی۔

ایک ایسے دور کے بعد جس میں ٹیم 2014 کے ورلڈ کپ یا 2016 کی اولمپک گیمز کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی، قومی ٹیم کی تشکیل نو کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں