پاکستان کی 2019 ورلڈ کپ میں رسائی یقینی، ویسٹ انڈیز پر 14 پوائنٹس کی سبقت

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

انگلینڈ اور ویلز میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی مسلسل دو میچوں میں اپنے سے اوپر کے درجے کی ٹیموں کو شکست دینے کے بعد ان کی آئی سی سی کی درجہ بندی میں آٹھویں پوزیشن کے ساتھ ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی یقینی ہو گئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی ایک روزہ میچوں کی نئی درجہ بندی کے مطابق آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نے عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ اور عالمی نمبر سات سری لنکا کو شکست دے کر درجہ بندی میں تین پوائنٹس حاصل کر لیے اور اب ان کے 91 پوائنٹس ہیں۔

ٹیموں کی عالمی رینکنگ بے معنی ہو گئی ہے

ایک روزہ میچوں میں پاکستان بدستور آٹھویں نمبر پر

دوسری جانب ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے درمیان جاری ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کی پہلے ایک روزہ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے باعث اب ان کے پوائنٹس کی تعداد گر کر 77 ہو گئی ہے جس کے بعد پاکستان اور ان کے درمیان 14 پوائنٹس کا فرق ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ ستمبر 30 تک آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلی آٹھ ٹیمیں اگلے ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی حاصل کر سکیں گی۔

ادھر ایک روزہ میچوں میں بلے بازوں کی انفرادی درجہ بندی میں انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے چیمپیئنز ٹرافی کے تین میچوں میں دو نصف سنچریاں بنا کر ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اب دوسرے اور سابق نمبر ایک اے بی ڈیویلیئرز تیسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کے بابر اعظم کی اس درجہ بندی میں ایک پوزیشن کم ہو کر آٹھویں ہو گئی ہے جبکہ انڈیا کے شیکھر دھون دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری کی بدولت اب دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔

درجہ بندی ملک ریٹنگ پوائنٹس
1 جنوبی افریقہ 119
2 آسٹریلیا 117
3 انڈیا 117
4 انگلینڈ 114
5 نیوزی لینڈ 111
6 بنگلہ دیش 95
7 سری لنکا 93
8 پاکستان 91
9 ویسٹ انڈیز 77
10 افغانستان 54
11 زمبابوے 46
12 آئرلینڈ 41

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں