جیسے پاکستانی شائقین دلہن لینے آئے ہوں۔۔۔

کارڈف

میں جب کارڈف کے صوفیہ گارڈن سٹیڈیم پہنچا تو لگا شاید کسی شادی ہال کے باہر کھڑا ہوں۔ ایسا لگتا ہے کہ جیسے پاکستانی فینز بارات لیے دلہن کو لینے آئے ہیں۔

کہیں ڈھول بج رہے ہیں تو کہیں بینڈ باجا اور کہیں شائقین ناچ گانے اور نعرے بازی میں مصروف ہیں۔ موقع کی مناسبت سے لڑکیاں خوب بن ٹھن کر آئی ہوئی ہیں۔ لڑکیوں کے ساتھ ساتھ اس بارات کے لڑکے بھی منہ پر رنگ لیپ کر آئے ہیں۔ بس یہ ماحول تھا کہ مجھے مکی آرتھر کی وہ پریس کانفرنس یاد آ گئی جس میں انھوں نے اپنے اور کپتان سرفراز کے رشتے کو شادی کے مضبوط بندھن کے ساتھ تشبیح دی تھی۔

پاکستان اور انگلینڈ 25 سال بعد ناک آؤٹ میچ میں مدِمقابل

چیمپیئنز ٹرافی: 'رمضان بھی ہے، دعائیں بھی ہیں اور امیدیں تو ہیں ہی!'

کیا پاکستانی بولنگ انگلینڈ کی بیٹنگ کو روک پائے گی؟

پاکستان کے کوچ نے میچ سے پہلے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم تو لندن جانا چاہتے ہیں جہاں فائنل میچ کھیلا جائے گا۔

کارڈف میں جمع فینز سے بات ہوئی تو لگا کہ ان کو ٹیم پر کافی بھروسہ ہے اتنا ہی بھروسہ جتنا ماں کا اپنے لاڈلے بچے پر ہوتا ہے۔ جیسے ماں کو اپنے بچوں میں عیب نظر نہیں آتے ویسے ہی فینز بھی اپنے کھلاڑیوں کی غلطیوں کو فی الحال نظر انداز کر رہے ہیں۔ فینز کو لگتا ہے جیت پکی ہے۔

مگر مکی آرتھر نے میچ سے پہلے تسلیم کیا کہ اب تک ٹورنامنٹ میں ٹیم کوئی زیادہ شاندار طریقے سے نہیں جیتی مگر پھر بھی انگلینڈ کے ساتھ پچھلے سال ہونے والی سیریز میں کارڈف ہی میں چار میچ ہارنے کے بعد پاکستان کو جیت نصیب ہوئی تھی۔

ان کے خیال میں کھلاڑی اچھی کارکردگی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ساتھ مقابلے میں بارش نے اپنا کردار ادا کیا اور اس کا فائدہ پاکستان کو ہوا۔ سری لنکا کے ساتھ میچ میں سرفراز کے ڈراپ کیچز نے مدد دی لیکن آج کارڈف میں موسم خوشگوار ہے اور بارش کا دور دور تک امکان نظر نہیں آ رہا۔ دوسری جانب سری لنکا کی طرح انگلینڈ سے یہ امید نہیں کی جاسکتی کہ وہ کیچ چھوڑیں گے۔

انڈیا کے خلاف میچ کا حال تو سب ہی جانتے ہیں۔ اس دن تو بیٹسمین پویلین لوٹ آئے تھے مگر اس بار ایسا نہیں فینز کا پختہ ایمان ہے کہ جیت اپنی ہی ہوگی۔ اسی لیے تو اتنی زبردست تیاری کر کے آئے ہیں۔

ایک اور دلچسپ بات یہ کہ کارڈف میں پڑوسی بھی آئے ہوئے ہیں۔ وہ پر امید ہیں کہ پاکستان کی جیت ہو تاکہ فائنل میں مقابلہ انڈیا اور پاکستان کا ہو مگر یہ بھی اُس صورت میں ہوگا کہ انڈیا اپنا سیمی فائنل جیتے لیکن ابھی تو پاکستان کی باری ہے فینز کا جذبہ دیکھیں تو نتیجہ صرف جیت ہی ہوگا۔ دیکھتے ہیں کے قسمت کے ستارے ان کے ساتھ ہیں یا نہیں۔

اسی بارے میں