جیت کو ترسے پاکستانیوں کا جشن اور بھنگڑے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی کارڈف میں جیت کے ساتھ ہی سٹیڈیم کے باہر پاکستانی شائقین نے زبردست جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔

نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد میچ دیکھنے کے لیے آئی تھی جنھوں نے جیت پر زبردست خوشی منائی۔ ان نوجوانوں کی خوشی سے ظاہر ہوتا تھا جیسے یہ ایک عرصے سے اس طرح کی فتح کو ترسے ہوئے تھے۔

٭ ’فائنل میں انڈیا آئے یا بنگلہ دیش، مقابلے کے لیے تیار ہیں‘

سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان یک آواز ہو کر ’دل دل پاکستان جان جان پاکستان‘ گا رہے تھے۔ ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ چاہ رہے ہوں کہ ان کی آواز لاہور اور کراچی تک پہنچے۔

چاچا کرکٹ جو سٹیڈیم سے نکل کر باہر آئے تو انھیں بھی نوجوان نے اپنے گھیرے میں لے لیا اور ڈھول کی تھاپ مزید تیز ہو گئی اور ساتھ ہی بھنگڑے میں بھی ایک نیا جوش پیدا ہو گیا۔

اس دوران کچھ نوجوان انڈیا کو خبر دار کرنے کے لیے انگریزی میں ’سی انڈیا سی، واچ انڈیا واچ‘ کے نعرے بھی بلند کر رہے تھے۔

فتح کے اس جشن میں خواتین بھی شامل تھیں۔ ان میں ایک نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے آج ان کے دل جیت لیے ہیں۔

پاکستانی شائقین کے ایسے جشن کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان اس ٹورنامنٹ میں اپنے ابتدائی میچ میں ہی انڈیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں