عامر سہیل کے ریمارکس، کرکٹ بورڈ کا پیمرا سے احتجاج

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل کے مبینہ نامناسب ریمارکس پر پیمرا سے باقاعدہ احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیمرا کے چیرمین ابصار عالم نے بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کو بتایا کہ انھیں ابھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے لیکن شکایت موصول ہونے پر اس معاملے کو قانون کے مطابق دیکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ عامر سہیل نے گذشتہ دنوں ایک نجی ٹی وی چینل پر تبصرہ کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد اور ٹیم پر تنقید کی تھی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا خیال ہے کہ ان کے ریمارکس انتہائی نامناسب تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان نے ایک بیان میں عامر سہیل کو ’مایوس کرکٹر‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے جس طرح پاکستانی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور جو الفاظ استعمال کیے وہ شرمناک ہیں۔

شہریارخان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پیمرا سے باقاعدہ احتجاج کر رہا ہے کہ ٹی وی پر ایسے الفاظ کیسے نشر ہوئے جو سراسر وطن دشمنی کے مترادف ہیں۔

شہریارخان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اتوار کے روز فائنل کھیلنے والی ہے اس موقع پر پوری قوم ٹیم اور کپتان سرفراز احمد کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ کے حلقوں میں پچھلے دو روز سے عامر سہیل کا بیان موضوع بحث بنا ہوا ہے اور سماجی ویب سائٹس پر بھی اس پر تبصرے جاری ہیں۔

عامر سہیل نے ٹی وی تبصرے میں کپتان سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس کارکردگی پر خوش ہونے اور سرچڑھنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس جیت میں ان کا کوئی کمال نہیں ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں