محمد عامر فٹ ہیں اور فائنل کھیلیں گے: مکی آرتھر

محمد عامر انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل سے قبل کمر میں تکلیف کی وجہ سے ان فٹ ہو گئے تھے تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption محمد عامر انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل سے قبل کمر میں تکلیف کی وجہ سے ان فٹ ہو گئے تھے

پاکستان کے تیز رفتار بولر محمد عامر مکمل طور پر فٹ ہیں اور انڈیا کے خلاف لندن کے اوول کرکٹ گروانڈ پر اتوار کو ہونے والے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سنہ 2017 کےفائنل میں کھیلیں گے۔

یہ بات پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے سنیچر کو فائنل سے ایک روز قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

محمد عامر انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل سے قبل کمر میں تکلیف کی وجہ سے ان فٹ ہو گئے تھے اور اسی وجہ سے اُس میچ میں ان کی جگہ نوجوان بالر رومان ریئس کو کھیلا گیا تھا۔

٭ پاکستان بمقابلہ انڈیا، آپ کیا جانتے ہیں؟

٭ پاکستان اور بھارت کا فائنل، ہر اوور پانچ کروڑ!

٭ ہمارے پاس اٹیک کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں: مکی آرتھر

انڈیا کے پہلے میچ میں محمد عامر نے آٹھ اوور کیے تھے اور صرف تبیس رن دیے۔ محمد عامر انڈیا کے خلاف بہت کارگر ثابت ہو سکتے ہیں۔

فائنل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے کہا کہ اگر ٹیم اپنی پوری صلاحیت کو بروئے کار لا سکی اور بنیادی چیزیں درست کر لیں تو وہ کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انڈیا کے خلاف پہلے میچ میں شکست کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے کہا کہ وہ ایک غلطی تھی جو بہت مایوس کن تھی۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور وہ تکنیکی طور بہت مضبوط ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے کہا کہ کل کے بعد ٹیم کی بھرپور توجہ سنہ 2019 کے ورلڈ کپ پر ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچوں سے انھیں ایک ایسی ٹیم بنانے میں مدد ملی ہے جس ٹیم میں 'ڈپیتھ' ہو تاکہ وہ 2019 میں یہاں آئیں اور ہلا کر رکھ دیں۔ جس طرح کی کرکٹ پاکستان ٹیم کھیلتی ہے ان مقابلوں میں اس کی کارکردگی اس کی ایک بہترین مثال ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ ٹیم درست اور مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔

نوجوان کھلاڑیوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے کہا کہ ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی، حسن علی، فخر زمان، شاداب، فہیم اشرف اور رومان ریئس بے خوف ہو کر اور دل بڑا کر کے کھیلے۔

اس کے بعد پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز نے سابق کرکٹ کپتان عامر سہیل کے ایک متنازع بیان کے بارے میں کہا اس وقت ان کی پوری توجہ کل کے میچ پر ہے۔

انھوں نے کہا کہ قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ ادھراُدھر کی کسی بات پر دھیان نہیں دے رہے۔

انھوں نے کہا کہ جہاں تک عامر سہیل کے بیان کا تعلق ہے تو یہ ان کی رائے ہے اور وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔

انڈیا کے خلاف فائنل کے بارے میں انھوں نے کہا وہ ہر میچ کو ناک آوٹ میچ سمجھ کر کھیل رہے ہیں اور کل کے میچ بھی اسی سوچ سے کھیلیں گے۔

پاکستان کے بولروں کی کارکردگی کے بارے میں انھوں نے کہا کہ جس طرح پاکستانی بولروں نے اپنی کارکردگی بہتر کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر درمیان کے اووروں میں پاکستان کے بولروں نے وکٹیں نکال لیں تو انڈیا کو ہرانا مشکل نہ ہو گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں