پشاور زلمی، لاہور قلندر کے مالکان نے جنوبی افریقہ لیگ کی ٹیمیں خرید لیں

لوگو تصویر کے کاپی رائٹ cricket.co.za

لندن میں ہونے والی ایک تقریب میں جنوبی افریقہ کی گلوبل ٹی20 لیگ کی آٹھ ٹیموں کا اعلان کیا گیا، جن میں سے صرف دو کے مالکان کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی دو فرینچائزز کے مالکان بھی اس موقعے پر موجود تھے اور انھوں نے بھی ایک ایک ٹیم خرید لی۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بینونی کی ٹیم، جب کہ لاہور قلندرز کے فواد رانا نے ڈربن کی ٹیم خریدی۔

گذشتہ روز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ایک ٹویٹ کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 'آج ایک بڑی خبر آنے والی ہے۔ جاوید آفریدی، زلمی کے مداحوں کو زیادہ انتظار نہ کرواؤ۔' سیمی نے اس ٹویٹ میں #ZalmiGoesGlobal کا ہیش ٹیگ استعمال کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پشاور زلمی کے جاوید آفریدی نے جنوبی افریقہ کی بینونی کی ٹیم خریدی

اس کے علاوہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان نے بھی ایک ٹیم خریدی جس کا تعلق کیپ ٹاؤن سے ہے۔ یاد رہے کہ شاہ رخ خان اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی ٹرینیڈاڈ فرینچائز کے بھی مالک ہیں۔

اس کے علاوہ انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم دہلی ڈیئر ڈیول کی مالک کمپنی جی ایم آر نے جوہانسبرگ کی ٹیم کے حقوق حاصل کر لیے۔

فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ ان ٹیموں میں کون سے بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ تاہم کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے صدر کرس نینزانی نے امید ظاہر کی کہ اس ایونٹ کو بین الاقوامی تعاون حاصل ہو گا۔

انھوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: 'ہم تمام کرکٹ بورڈز کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ ہماری اسی طرح سے مدد کریں گے جیسے ہم نے ان کی لیگز کی مدد کی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ وہ اسے کامیاب بنانے میں ہمارا ساتھ دیں گے۔'

یہ ٹورنامنٹ نومبر میں شروع ہو گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ cricket.co.za
Image caption کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے صدر کرس نینزانی نے امید ظاہر کی کہ دوسرے کرکٹ بورڈ ان سے تعاون کریں گے

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں