بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں: سرفراز
اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

فتح نے کھلاڑیوں کو نیا حوصلہ اور اعتماد دیا ہے: سرفراز

چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ یہ جیت پاکستان کی کرکٹ کو بہت آگے لے کر جائے گی لیکن اس کے لیے تمام کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانی ہوگی۔

سرفراز احمد نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر بی بی سی اردو سروس کے عبدالرشید شکور کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھا جائے ۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح نے پاکستانی کرکٹرز کو ایک نیا حوصلہ اور اعتماد دیا ہے اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے اپنا قدرتی کھیل کھیلا ہے۔

سرفراز احمد کہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم پر بہت زیادہ تنقید ہوتی رہی ہے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہی، جب وہ کپتان بنے تو انھوں نے اپنے تجرے کی بنیاد پر کھلاڑیوں سے صرف یہ بات کہی کہ وہ جو کھیل ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں اسی بےخوفی اور اعتماد کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی کھیلیں۔ نوجوان کرکٹرز نے اس پر عمل کیا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

سرفراز احمد اپنا بیٹنگ آرڈر اوپر کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں کیونکہ یہ تینوں اس وقت اچھی کارکردگی دکھارہے ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اگر انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تو وہ فتوحات کا تسلسل جاری رکھنے کی پوری کوشش کرینگے۔

متعلقہ عنوانات