ارجنٹائن سے شکست کے بعد پاکستان ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائر سے باہر

پاکستان ہاکی تصویر کے کاپی رائٹ AFP

لندن میں جاری ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ کے کوارٹر فائنل میں اولمپک چیمپئن ارجنٹائن نے پاکستان کو شکست دے دی ہے۔

جمعرات کو کھیلے گئے اس میچ میں ارجنٹائن نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔

پاکستان کی جانب سے واحد گول شان علی نے کیا جبکہ ارجنٹائن کے مائیکو سیسیلا نے دو اور گونزالو پیلیٹ نے ایک گول کیا۔

ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ، پاکستان کا سخت امتحان

پاکستان جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اس کوالیفائنگ راؤنڈ میں مایوس کن رہی ہے اور اسے اپنے پول میں چار میں سے تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ہالینڈ کے خلاف چار گول سے ہاری، دوسرے میچ میں کینیڈا نے اسے چھ گول سے ہرادیا جبکہ تیسرے میچ میں روایتی حریف انڈیا نے اسے ایک کے مقابلے میں سات گول سے شکست دی تھی۔

پاکستانی ٹیم نے واحد کامیابی سکاٹ لینڈ کے خلاف تین ایک سے حاصل کی۔

اس کوالیفائنگ راؤنڈ سے پانچ ٹیمیں آئندہ سال بھارت میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا ہے۔

شہباز احمد نے لندن سے بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں قطعاً اس بات کی توقع نہیں تھی کہ پاکستانی ٹیم اتنے زیادہ گول سے اپنے میچز ہارے گی اور کینیڈا جیسی ٹیم بھی اس کے خلاف چھ گول کردے گی، یہ انتہائی حیران کن ہے۔

شہباز احمد نے کہا 'پاکستانی ٹیم کی اس مایوس کن کارکردگی کی دو اہم وجوہات میچ ٹمپرامنٹ اور فٹنس کی کمی ہے۔ پاکستانی ٹیم کا فٹنس لیول اور میچ ٹمپرامنٹ کسی بھی چھوٹی ٹیم کا بھی مقابلہ نہیں کرتا جو بڑی تشویش کی بات ہے۔'

اسی بارے میں