وزیرِ کھیل کا بندر سے موازنہ کرنے پر ملنگا پر جرمانہ

ملنگا تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر لستھ ملنگا کی جانب سے ملک کے وزیرکھیل کا بندر کے ساتھ موازنہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

انگلینڈ اور ویلز میں منعقدہ چیمپیئز ٹرافی کے بعد کھلاڑیوں کے بات چیت کے دوران وزیرکھیل دیاسری جیاسیکارا نے کہا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں سری لنکا کے کچھ بہت موٹے تھے، جس کے جواب میں ملنگا نے کہا تھا کہ ’یہ ایسے ہے جیسے بندر طوطے کے گھونسلے میں گھس جائے اور اس کے بارے میں بات کرے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ان لوگوں کی تنقید کی پرواہ نہیں کرتے جو صرف ’کرسیاں گرم کرتے ہیں۔‘

ملنگا کی جانب سے معذرت کے بعد انھیں اپنے اگلے میچ کی 50 فیصد فیس جرمانے کے طور ادا کرنا ہوگی۔

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ ‌کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’چیمپیئنز ٹرافی سے واپسی پر ملنگا نے دو موقعوں پر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تحریری منظوری کے بغیر میڈیا میں بیانات دیے تھے۔‘

سری لنکا اپنا اگلا ایک روزہ میچ جمعے کو گال میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گا، جس کے لیے وہ دستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گراہم فورڈ کے مستعفی ہونے کے بعد یہ ذمہ داری عارضی طور پر سابق جنوبی افریقن کھلاڑی نک پوتھس کو سونپی گئی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں