پرتگال کے کپتان رونالڈو نے جڑواں بچوں کی پیدائش کی تصدیق کر دی

کرسچیانو رونالڈو تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption کرسچیانو رونالڈو کا پہلے ہی سات برس کا ایک بچہ ہے

روس میں کنفیڈریشن کپ کے سیمی فائنل میں پرتگال کی شکست کے فوراً بعد پرتگال کے کپتان کرسچیانو رونالڈو نے اعلان کیا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

کئی دنوں سے پرتگال کا میڈیا یہ رپورٹ کر رہا تھا کہ ان کے جڑواں بچے امریکہ میں ایک سروگیٹ یا متبادل ماں کے ہاں پیدا ہوئے ہیں۔

رونالڈو کے انسٹا گرام پر دس کروڑ فالوورز

’چھپانے کو کچھ نہیں اس لیے کسی کا خوف بھی نہیں‘

فیفا ایوارڈز: بہترین کھلاڑی کرسچیانو رونالڈو

لیکن انھوں نے اپنے جڑواں بچوں کی خبر کی تصدیق اس وقت کی جب ان کی قومی ٹیم سیمی فائنل میں چلی کے ہاتھوں پینلٹیز پر ہار گئی۔

رونالڈو نے اپنے فیس بک صفحے پر لکھے گئے ایک پیغام میں کہا کہ 'بالآخر میں اپنے بچوں کے پاس پہلی مرتبہ جانے پر بہت خوش ہوں۔'

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption کرسچیانو رونالڈو جمعرات کو اپنی گرل فرینڈ کے ہمراہ کاذان سے چلے گئے

رونالڈو کا ایک اور بچہ کرسچیئن رونالڈو جونیئر بھی ہے جو جون 2010 میں پیدا ہوا تھا۔

ریال میڈرڈ کے فارورڈ نے اپنے پیغام کے آغاز میں لکھا کہ وہ جڑواں بچوں کے پیدائش کے باوجود اپنے 'جسم اور روح' کے ساتھ ٹیم کی خدمت کے لیے حاضر ہیں۔ انھوں نے مزید لکھا کہ 'بدقسمتی سے ہم اپنے اہم سپورٹنگ مقصد کو حاصل نہیں کر سکے۔'

کاذان میں کھیلا جانے والا سیمی فائنل 0۔0 سے برابر رہا اور بعد میں چلی پینلٹیز پر یہ میچ جیت گیا۔

رونالڈو کے جڑواں بچوں کے متعلق زیادہ معلومات سامنے نہیں آئیں لیکن پرتگال سے آنے والی غیر مصدقہ خبروں کے مطابق ان کی پیدائش کنفیڈریشن کپ سے قبل 8 جون کو ہوئی تھی۔ ایس آئی سی ٹی وی چینل کے مطابق یہ بچے ایک لڑکا اور لڑکی ہیں اور ان کے نام میٹیو اور ایوا ہیں۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فیفا فٹبالر آف دی ایئر کی والدہ ڈولیریز ایویئرو بچوں کی پیدایش کے بعد امریکہ گئی تھیں۔

پرتگال کی فٹبال ایسوسی ایشن نے اپنے ایک بیان میں رونالڈو کے باپ بننے کے باوجود ٹیم کے ساتھ روس جانے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس عمل کو ’نمایاں کرنا چاہیے اور اس کو سراہنا چاہیے۔'

رونالڈو اپنی گرل فرینڈ جیورجینا روڈریگیز کے ہمراہ جمعرات کی صبح کاذان سے چلے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوانات