شہر یار خان نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا

سرفراز احمد تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یار خان نے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان بنانے کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے یہ اعلان منگل کو اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے میں کیا۔

ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے لیے سرفراز احمد سرفہرست

'امید ہے تمام ٹیمیں پاکستان آئیں اور ہمارے ساتھ کھیلیں: سرفراز احمد

اس فتح کے ساتھ ہی انڈیا سے بڑے ٹورنامنٹ میں ہمیشہ ہارنے کا داغ دھو دیا: سرفراز

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق سرفراز احمد اس وقت پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیموں کے کپتان ہیں اور چیمپئنز ٹرافی کی جیت کے بعد اس بات کے امکانات روشن ہوگئے تھے کہ انھیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری بھی سونپ دی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یارخان نے گذشتہ دنوں بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں عندیہ دے دیا تھا کہ سرفراز احمد ہی ٹیسٹ ٹیم کے اگلے کپتان ہوں گے۔

30 سالہ سرفراز احمد 36 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں انھوں نے تین سنچریوں اور 13 نصف سنچریوں کی مدد سے 2089 رنز بنائے ہیں۔

سرفراز احمد وکٹ کیپر کی حیثیت سے 50 کیچز اور 17 سٹمپڈ کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں