مستقبل میں بھی کاؤنٹی کھیلنا چاہوں گا: سرفراز احمد

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی جیتی ہے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا ان کی دیرینہ خواہش تھی اور وہ مستقبل میں بھی کاؤنٹی کھیلنا پسند کریں گے۔

یاد رہے کہ یارکشائر کاؤنٹی نے سرفراز احمد سے مختصر معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ موجودہ سیزن میں پانچ میچز کھیلیں گے۔

’اور سرفراز مسکرا رہے تھے‘

’کیونکہ سرفراز کو یقین تھا‘

وہ پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر ہیں جو کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں گے۔

سرفراز احمد نے بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا ان کے لیے اہم موقع ہے اور وہ چاہیں گے کہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھائیں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا کیونکہ جس کرکٹر نے بھی کاؤنٹی کرکٹ کھیلی ہے اس کا یہی کہنا ہے کہ وہاں بہت زیادہ پروفیشنلزم ہے اور اسے وہاں کھیل کر تجربہ حاصل ہوا ہے۔

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں
بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں: سرفراز

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ صرف پانچ میچز کا معاہدہ ہے لیکن مستقبل میں اگر انہیں آفر ہوئی اور پاکستانی ٹیم کی مصروفیت نہ ہوئیں تو وہ کاؤنٹی کرکٹ کے زیادہ میچز کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی جیتی ہے اور اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان مقرر کردیا ہے۔

پاکستانی ٹیم ان کی قیادت میں پہلی ٹیسٹ سیریز سری لنکا کے خلاف اس سال اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلے گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں