انڈيا: نئے کرکٹ کوچ کی تقرری کے بعد بھی تنازع جاری

روی شاشتری تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption روی شاستری کو 2019 کے ورلڈ کپ تک لیے انڈین کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کیا گيا ہے

انڈین کرکٹ بورڈ کے حکام نے روی شاستری کو ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا ہے لیکن اس اعلان کے فوراً بعد ہی مشاورتی کمیٹی اور کوچ کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

روی شاستری کا موقف ہے کہ انھیں اس بات کا اختیار ہونا چاہیے تھا کہ وہ اپنی پسند کے معاون بولنگ اور بیٹنگ کوچ رکھ سکیں لیکن یہ کام بھی مشاورتی کمیٹی نے کیا اس لیے وہ ناراض ہیں۔

انھوں نے ایک انگریزی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ بطور معاون کوچ ظہیر خان اور راہل دراوڈ کو ان پر تھوپا گيا ہے۔

بی سی سی آئی کی 'کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی' سابق کھلاڑیوں سچن تندولکر، سورو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن پر مشتمل ہے جس نے روی شاستری کو 2019 کے ورلڈ کپ تک لیے کوچ مقرر کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کوچ کے لیے وریندر سہواگ نے بھی انٹرویو دیا تھا لیکن کوہلی کی پہلی پسند شاستری تھے

سی اے سی نے اس کے ساتھ ہی سابق کرکٹر راہول دراوڈ کو بیٹنگ کے معاملے میں اور ظہیر خان کو بولنگ کے معاملے میں مشیر مقرر کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق مشاورتی کمیٹی کے ارکان روی شاستری کے بیان سے خوش نہیں ہیں اور انھوں نے کرکٹ انتظامیہ کو کو ایک خط لکھ کر وضاحت طلب کی ہے۔

اس خط میں تین رکنی کمیٹی نے لکھا ہے کہ انھوں نے راہل دراوڈ اور ظہیر خان کو روی شاستری پر مسلط نہیں کیا اور اس بارے میں روی شاستری سے صلاح و مشورے کے بعد ہی فیصلہ کیا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سورو گنگولی سی اے سی کے رکن ہیں اور وہ شاشتری کے بیان سے خوش نہیں ہیں

ایک نجی ٹی وی چینل نے سی اے سی کے خط کا مواد نشر بھی کیا ہے۔ اس کے مطابق خط میں لکھا ہے: 'ہم لوگوں نے ظہیر خان اور راہل دراوڈ کی تقرری کے تعلق سے بات چيت کی تھی اور ان کے نام پر روی شاستری نے اتفاق بھی کیا تھا۔'

ظہیر خان اور راہل دراوڈ کے نام سامنے آنے کے بعد سے ہی میڈیا میں ایسی خبریں آنے لگی تھیں کہ روی شاستری نے اپنی پسند کے معاون عملے کا مطالبہ کیا ہے۔

اخبار ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق روی شاستری نے سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن سے ملاقات کر کے ظہیر خان سے متعلق اپنے تحفظات کے سلسلے میں بات کی تھی۔

اطلاعات کے مطابق روی شاستری ظہیر خان کی جگہ بھارت ارون کو گیند بازی کا کوچ بنانا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں