سینیگال: تماشائیوں میں تصادم کے بعد فٹبال سٹیڈیم کی دیوار گرنے سے آٹھ افراد ہلاک، 49 زخمی

فٹبال تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کا ڈیمبا ڈیئوپ سٹیڈیم جہاں دیوار گر جانے سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے

افریقی ملک سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کے ڈیمبا ڈیئوپ سٹیڈیم میں دیوار گر جانے سے آٹھ افراد ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ ڈیمبا ڈیئوپ سٹیڈیم میں دو فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلنے جانے والے میچ کے دوران پیش آیا۔

سٹیڈیم میں سٹیڈ ڈی بور اور یونین سپورٹو اواکم کے درمیان لیگ کپ کا فائنل میچ ہو رہا تھا جس میں ایکسٹرا ٹائم میں سٹیڈ ڈی بور کی ٹیم نے گول کر کے 2-1 کی برتری حاصل کر لی جو کہ میچ کے اختتام تک محفوظ رہی۔

آخری سیٹی بجتے ہی دونوں ٹیموں کے شائقین کی آپس میں لڑائی شروع ہو گئی۔ پولیس نے تماشایئوں کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جس سے سٹیڈیم میں افراتفری پھیل گئی اور اسی بھگڈر میں دیوار گر گئی۔

میدان سے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ دھویں میں دیوار پھلانگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مقامی خبر رساں ادارے اے پی ایس کے مطابق میدان میں ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود تھیں۔

سٹیڈیم میں موجود چیکا مابا ڈیئوپ، جن کے ایک دوست کی اس حادثے میں موت ہو گئی، نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے نے بتایا 'دیوار اچانک گر گئی اور ہمیں اسی وقت معلوم ہو گیا تھا کہ ہمارے جاننے والوں کی موت ہو گئی ہو گی کیونکہ دیوار سیدھی ان پر گری تھی'۔

ملک کے صدر میکی سال کے ترجمان نے بتایا کہ سنیگال میں جاری انتخابی مہم اتوار کو اس واقعہ کے بعد معطل رہے گی اور کہا کہ ذمہ داران کو 'سزا ملنی چاہیے تاکہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں