عامر خان اور فریال کی طلاق ’غلط فہمی کا نتیجہ‘

فریال مخدوم تصویر کے کاپی رائٹ @FaryalxMakhdoom/Twitter
Image caption فریال مخدوم اپنی بیٹی کے ساتھ

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی سابقہ اہلیہ فریال مخدوم نے کہا ہے کہ ان کے اور عامر خان کے حریف باکسر اینتھونی جوشوا کے ساتھ کوئی تعلقات نہیں ہیں اور اس سلسلے میں عامر خان کو ان کی گفتگو پر مبنی جو سکرین شاٹ بھیجے گئے تھے وہ جعلی تھے۔

فریال نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ وہ جوشوا سے کبھی نہیں ملیں، لیکن سکرین شاٹ دیکھ کر عامر غصے میں آ گئے اور انھوں نے اپنا غصہ ٹوئٹر پر نکالا۔ اس غصے کے نتیجے میں گذشتہ ہفتے دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔

فریال نے کہا ہے یہ سارا ہنگامہ غلط فہمی کی بنا پر پیدا ہوا تھا تاہم اب فریقین کے درمیان ساری غلط فہمی دور ہو گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

ادھر عامر خان نے بھی ٹویٹ کی ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ 'مجھے خوشی ہے کہ سارا معاملہ حل ہو گیا ہے اور یہ سارا جھوٹ تھا۔ میں دنیا کے کسی بھی مرد کی طرح غصے میں آ گیا تھا۔ اچھا ہے کہ پتہ چل گیا۔'

فریال اور عامر خان کے درمیان ٹوئٹر پر کھلم کھلا لڑائی چلی تھی جس کے بعد عامر نے انھیں طلاق دے دی تھی۔ عامر نے فریال پر عالمی ہیوی ویٹ چیمپپئن باکسر جوشوا کے ساتھ تعلقات کا الزام عائد کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

31 سالہ عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے سنہ 2012 میں پاکستانی نژاد امریکی خاتون فریال مخدوم خان کے ساتھ شادی کی تھی۔

فریال مخدوم خان کا میک اپ کا کاروبار ہے اور ماضی میں ان کے اپنے سسرال کے ساتھ تعلقات بےحد کشیدہ رہے ہیں اور طرفین میڈیا کا سہارا لے کر ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

عامر خان اور فریال مخدوم خان کی ایک تین سالہ بیٹی ہے۔

اسی بارے میں