فاف ڈوپلیسی پاکستان کے خلاف ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کریں گے

فاف ڈوپلیسی تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے جمعرات کو ورلڈ الیون میں شامل 14 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان آنے والی اس ورلڈ الیون میں موجودہ اور سابق کرکٹرز شامل ہیں جن میں جنوبی افریقہ کے پانچ، آسٹریلیا کے تین، ویسٹ انڈیز کے دو جبکہ سری لنکا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اورانگلینڈ کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔

پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف ستمبر میں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلے گی

پاکستانی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کا آغاز

ورلڈ الیون اور سری لنکا کے بعد ویسٹ انڈیز بھی پاکستان آئے گی: نجم سیٹھی

ورلڈ الیون میں شامل کرکٹرز میں ڈوپلیسی، ہاشم آملا، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، ڈیرن سیمی، سیموئل بدری، تمیم اقبال، تشارا پریرا، گرانٹ ایلیٹ، پال کالنگ ووڈ، ٹم پین (وکٹ کیپر)، بین کٹنگ اور جارج بیلی شامل ہیں۔

انگلینڈ کے سابق کوچ اینڈی فلاور ورلڈ الیون ٹیم کے کوچ ہوں گے۔

ورلڈ الیون 11 ستمبر کو لاہور پہنچے گی اور وہ پاکستان پہنچنے سے قبل دبئی میں مختصر ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی کے مطابق ورلڈ الیون کے دورے میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی کے سکیورٹی ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ رہی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ یہ اعلان کرچکا ہے کہ ورلڈ الیون کے دورے کے بعد سری لنکا کی ٹیم اکتوبر اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرےگی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں