کریبیئن لیگ: سہیل تنویر کی تین رنز کے عوض پانچ وکٹیں

سہیل تنویر تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سہیل تنویر وکٹ کے لیے اپیل کرتے ہوئے

پاکستانی کرکٹر سہیل تنویر نے ویسٹ انڈیز میں جاری کریبیئن لیگ کے ایک میچ میں بارباڈوس ٹرائڈنٹس کے خلاف چار اووز میں صرف تین رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

انھوں نے اپنے پہلے سپیل میں دو رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کی تھیں اور پھر اپنے سپیل کی آخری گیند پر انھوں نے اپنے ہی ہم وطن وہاب ریاض کی وکٹ حاصل کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔

٭ پاکستانی کھلاڑیوں کو کیریبئن لیگ کھیلنے کی اجازت مل گئی

سہیل تنویر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 'الفاظ سے زیادہ کام بولتے ہیں۔ الحمد للہ آج میں نے سب سے کفایتی پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے معاملے میں تاریخ رقم کی ہے اور لگاتار دوسری بار مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔'

خیال رہے کہ انڈیا میں ہونے والے ٹی ٹوئٹنی مقابلے آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں سہیل تنویر نے اس وقت سنسنی پھیلا دی تھی جب انھوں نے چار اوورز میں 14 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption سہیل تنویر کا ٹویٹ

منگل کی رات سہیل تنویر کی ٹیم گیانا امیزون واريئرز نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے اور ٹرائڈنٹس کو جیتنے کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا۔

لیکن ٹرائڈنٹس کی ٹیم صرف 59 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور سہیل تنویر کی ٹیم نے یہ اہم مقابلہ 99 رنز سے جیت لیا۔

سہیل تنویر کی تین رنز پر پانچ وکٹ افغانستان کے راشد خان اور سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ کے کارنامے کی برابری تھی۔

راشد خان نے آئرلینڈ کے خلاف رواں سال تین رنز کے عوض پانچ وکٹیں لی تھیں جبکہ ہیراتھ نے سنہ 2014 کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا لیکن ان دونوں کھلاڑیوں نے پورے چار اوورز نہیں کیے تھے جبکہ سہیل تنویر نے پورے چار اوورز کیے اس لیے سب سے کفایتی بولنگ کا ریکارڈ سہیل تنویر کے نام ہو گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سہیل تنویر ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں میں پانچویں درجے پر پہنچ گئے ہیں

سہیل نے اس میچ میں ڈوئن سمتھ، کین ولیمسن، اوئن مورگن، کیرن پولارڈ اور وہاب ریاض کی وکٹیں لیں۔

سہیل تنویر ٹی ٹوئنٹی میں 273 وکٹ کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ لینے کے معاملے میں ڈوئن براوو، لستھ ملنگا، سنیل نارائن اور یاسر عرفات کے بعد پانچویں نمبر پر ہیں۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے پہلے دس کھلاڑیوں میں پاکستان کے پانچ کھلاڑی شامل ہیں۔

اس فہرست میں یاسر عرفات (281 وکٹ)چوتھے، سہیل تنویر (273 وکٹ) پانچویں، شاہد آفریدی (271 وکٹ) چھٹے، سعید اجمل (263 وکٹ) آٹھویں اور اظہر محمود (258 وکٹ)دسویں نمبر پر ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلوں میں سب سے زیادہ 98 وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں