وین رونی مقررہ حد سے زیادہ شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے گئے

رونی تصویر کے کاپی رائٹ BBC Sport
Image caption رونی انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر ہیں

انگلینڈ میں پولیس نے قومی فٹبال ٹیم کے سابق رکن اور ایورٹن کے سٹرائیکر وین رونی کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔

رونی کو چیشائر پولیس نے جمعے کی رات دو بجے ومزلو کے علاقے میں آلٹرنچم روڈ پر روکا تھا۔

جس وقت رونی کو روکا گیا تو وہ سیاہ رنگ کی واکس ویگن بیٹل کار میں تھے۔

چیشائر پولیس نے کہا ہے کہ 31 سالہ رونی مقرر حد سے زیادہ مقدار میں شراب پی کر گاڑی چلا رہے تھے۔

پولیس کے مطابق رونی کو فی الوقت ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

انھیں رواں ماہ کی 18 تاریخ کو سٹاك پورٹ مجسٹریٹ کورٹ میں حاضر ہونا ہوگا۔

خیال رہے کہ وین رونی نے گذشتہ ماہ ہی انگلینڈ کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ لی ہے۔

وہ انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر ہیں۔

انھوں نے انگلش پریمیئر لیگ میں 1ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے کے بعد رواں برس ہی واپس ایورٹن کا رخ کیا ہے جہاں سے وہ 13 برس قبل مانچسٹر یونائیٹڈ میں گئے تھے۔