انڈیا نے آسٹریلیا کو ہرا کر سیریز اور عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ہاردک پانڈیا مین آف دی میچ قرار پائے

انڈیا نے آسٹریلیا کو تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اور عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی ہے۔

اندور میں اتوار کو کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 293 رنز بنائے تھے جس میں آرون فنچ 124 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

فنچ کے علاوہ کپتان سٹیون سمتھ 63 اور ڈیوڈ وارنر نے 42 رنز بنائے۔

پہلے ایک روزہ میچ میں انڈیا کی آسٹریلیا پر فتح

انڈیا میں کلدیپ یادو کی ہیٹ ٹرک کی دھوم

انڈیا کی جانب سے بولنگ میں شروعات اچھی نہیں ہوئی تھی اور ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا 330 سے زیادہ سکور کر لے گا لیکن انڈین گیند بازوں نے آخری اوورز میں آسٹریلوی بلےبازوں کو جم کر کھیلنے نہیں دیا اور 77 رنز کے عوض ان کی آخری پانچ وکٹیں حاصل کی۔

جب انڈیا نے بیٹنگ شروع کی تو اجکنیا رہانے اور روہت شرما نے 22 اوورز میں 139 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی اور میچ میں جیت کی راہ ہموار کر دی۔

اس کے بعد آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے چار چھکوں کی مدد سے 72 گیندوں پر 78 رنز بنائے اور انڈیا کی جیت یقینی بنا دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption آرون فنچ نے 124 رنز بنائے

پانڈیا نے ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی اور ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر انھیں اس ایک روزہ سیریز میں دوسری دفعہ مین آف دی میچ کا اعزاز بھی ملا۔

اس میچ میں جیت کے بعد انڈیا نے اب مسلسل نو ایک روزہ میچوں میں جیت حاصل کر لی ہے اور اس کارکردگی کی بدولت ایک روزہ میچوں کی عالمی درجہ بندی میں وہ اب پہلی پوزیشن پر آ گیا ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا مقابلہ 28 ستمبر کو بنگلور میں کھیلا جائے گا جبکہ آخری میچ پہلی اکتوبر کو ناگپور میں ہوگا۔

ایک روزہ میچوں کے بعد آسٹریلیا اور انڈیا تین ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلیں گے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں