ممنوعہ ادویات کی روک تھام، ایتھلیٹس کے جسم میں چپ نصب کرنے کی تجویز

اتھلیٹس تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اتھیلیٹس کے جسم میں مائیکرو چپس نصب کرنے کے تجویز سامنے آئی ہے تاکہ قوت بخش ادویات کے استعمال کو روکا جا سکے

ورلڈ اولمپیئنز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو مائک ملر کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں ایتھلیٹس کے جسم میں مائیکرو چپس نصب کرنے کے حق میں ہیں تاکہ قوت بخش ادویات کے استعمال کو روکا جا سکے۔

مائک ملر کا کہنا ہے کہ مائیکرو چپس کو جسم کے اندر نصب کرنے سے معلوم ہو سکے گا کہ ممنوعہ ادویات کھیلوں کے دوران کارکردگی پر کس طرح اثرانداز ہوتی ہیں اور اسے کس حد تک بڑھاتی ہیں۔

* یوسین بولٹ کو آخری دوڑ میں خفت

* ’ڈوپنگ کے جرم میں سزا کاٹنے والوں کے لیے وائلڈ کارڈ نہیں‘

لیکن برطانیہ میں قوت بخش ادویات کی روک تھام کے ادارے کی سربراہ نکول سیپسٹڈ کہتی ہیں کہ انھیں ڈر ہے کہ یہ قدم ذاتی زندگی میں مداخلت ہو گی اور اس میں دھوکہ دہی کا اندیشہ رہے گا۔

مائک ملر نے دعویٰ کیا ہے کہ قوت بخش ادویات کی روک تھام کے لیے انتہا پسندانہ طریقے اختیار کرنے ہوں گے، بشمول چپس کا نصب کیا جانا، تاکہ شفاف کھیل کو فروغ دیا جا سکے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption مائک ملر سمجھتے ہیں کہ مائیکرو چپس نصب کرنے سے ٹیکنالوجی کو دھوکہ دینے کا مسئلہ حل ہو جائے گا

ان کا کہناہے کہ 'چند لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں ایسا نہیں کرنا چاہیے، ہم کتوں سے محبت کرنے والی قوم ہیں، ہم اپنے کتوں میں چپ نصب کراتے ہیں کیونکہ ایسا نہیں لگتا کہ اس سے انھیں نقصان پہنچے گا تو پھر ہم اپنے آپ میں کیوں چپ نصب کرانے کے لیے تیار نہیں؟'

مائک ملر نے دعویٰ کیا ہے کہ مائیکرو چپ ٹیکنالوجی میں پیش رفت افق پر ہے اور اس کی جانچ کرنے والوں کو پیش رفت سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔

انھیں اس بات کا ڈر ہے کہ دھوکہ دینے والے اپنا راز فاش ہونے سے بچنے کے لیے خود نگرانی کر کے اس ٹیکنالوجی کا استحصال کر سکتے ہیں۔

مائک ملر سمجھتے ہیں کہ'مائیکرو چپس نصب کرنے سے ٹیکنالوجی کو دھوکہ دینے کا مسئلہ حل ہو جائے گا کیونکہ لوگوں کو کسی آلے پر قابو نہیں ہے۔ موجودہ اینٹی ڈوپنگ نظام میں یہ خرابی ہے کہ وہ ایک خاص وقت کے دوران اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ کسی نے قوت بخش ادویات استعمال نہیں کیں جبکہ ہمیں ایسے نظام کی ضرورت ہے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ کسی نے کبھی بھی یہ ادویات استعمال نہ کی ہوں'۔

ورلڈ اولمپیئنز ایسوسی ایشن دنیا بھر کی اولمپیئنز ایسوسی ایشنز کی نمائندہ تنظیم ہے جس کے ایک لاکھ سے زیادہ اولمپیئنز ممبران ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں