پی ایس ایل میں شامل ہونے والے نئے چہرے کون ہیں؟

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کی فاتح ٹیم پشاور زلمی

گذشتہ دو سال سے ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹورنامنٹس کی کامیابی اور شائقین کی دلچسپی کی بڑی وجہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شمولیت رہی ہے۔

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لیے اتوار کے روز لاہور میں پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ٹیموں نے اگلے سال ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے اپنے سکواڈز کو حتمی شکل دی اور ان میں کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے پہلی دفعہ پی ایس ایل میں شریک ہونے کے لیے اپنے نام ڈرافٹ میں شامل کیے اور مختلف ٹیموں کا حصہ بن گئے۔

اسی مناسبت سے بی بی سی اردو نے ٹورنامنٹ میں شامل چھ ٹیموں کے سکواڈز کا جائزہ لیا تاکہ دیکھا جا سکے کہ ان میں کون سے ایسے نئے نام ہیں جو پہلی بار پی ایس ایل میں اپنے جوہر دکھائیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

مچل جانسن

آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے فاسٹ بولر مچل جانسن کو کراچی کنگز نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کر کے اپنی ٹیم میں شامل کیا۔

دو سال قبل ریٹائر ہونے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر اپنے دس سالہ انٹرنیشنل کریئر میں دنیائے کرکٹ کے تیز ترین بولرز میں شامل تھے اور انھوں نے 96 ٹی20 میچوں میں 114 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

عمران طاہر

ایک روزہ میچوں میں عالمی نمبر دو اور ٹی 20 میں عالمی نمبر پانچ جنوبی افریقہ کے لیگ سپنر عمران طاہر کو پی ایس ایل میں شامل ہونے والی نئی ٹیم ملتان سلطان نے پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا ہے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے عمران طاہر تقریباً دو دہائیوں سے جنوبی افریقہ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اب تک 211 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

عمران طاہر ورلڈ الیون کی ٹیم کا حصہ تھے جس نے حال ہی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

جے پی ڈومنی

جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا ہے۔

جے پی ڈومنی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن حال ہی میں انھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف قومی ٹی20 ٹیم کی قیادت کی تھی۔

اس کے علاوہ وہ انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم دہلی ڈیئر ڈیولز کی بھی قیادت کر چکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

کرس لِن

آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز کرس لن کو لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹگری میں حاصل کیا ہے اور اس سے ٹیم کے مداحوں کو امید ہوئی ہے کہ وہ اگلے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

27 سالہ کرس لن نے اپنے پورے کریئر میں اب تک 2600 سے زائد رنز بنائے ہیں جس میں 165 چھکے شامل ہیں۔

انھوں نے اس سال آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائڈرز کی نمائندگی کی اور پہلے ہی میچ میں ناقابل شکست 93 رنز بنائے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

کارلوس بریتھ ویٹ

ویسٹ انڈیز کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈائمنڈ راؤنڈ میں منتخب کیا ہے۔

کارلوس بریتھ ویٹ کا نام دنیا بھر میں اس وقت مشہور ہوا جب 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انھوں نے انگلینڈ کے خلاف چار گیندوں پر چار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرا دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

مستفیض الرحمان

بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو لاہور قلندرز نے اپنے ٹیم میں ڈائمنڈ راؤنڈ میں شامل کیا ہے۔

وہ اپنے ملک کے بہترین فاسٹ بولرز میں سے ایک ہیں۔

مستفیض الرحمان نے اب تک ٹی20 میں 62 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

رضا حسن:

غیر ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے بھی چند کھلاڑیوں کو پہلی بار پی ایس ایل میں کھیلنے کا موقع ملا ہے جن میں سب سے اہم نام رضا حسن کا ہے۔

بائیں ہاتھ سے سپن بولنگ کرنے والے 25 سالہ رضا حسن ماضی میں پاکستان کی 10 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں۔

ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے امید تھی کہ یہ مستقبل میں ٹیم کا اہم اثاثہ بنیں گے لیکن مئی 2015 میں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ڈوپنگ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام ہو گئے جس کے بعد ان پر دو سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔

اس سال جب رضا حسن پابندی ختم ہونے کے بعد پہلی دفعہ کرکٹ کے میدان میں اترے تو انھوں نے نیشنل بینک کی جانب سے کھیلتے ہوئے فیصل آباد کے خلاف میچ میں بارہ وکٹیں حاصل کیں اور قائد اعظم ٹرافی کے کھیلے جانے والے سات میچوں میں اب تک 32 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

ان کے علاوہ پی ایس ایل کے تیسرے سیزن میں ایکشن میں دکھائی دینے والے کچھ بڑے ناموں میں ویسٹ انڈیز کے ڈیرن براوو (ملتان سلطان) اور ایون لیوئس (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)، افغانستان کے راشد خان (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)، سری لنکا کے اینجلو میتھیوز (لاہور قلندرز)، اور جنوبی افریقہ کے کولن انگرام (کراچی کنگز) بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں