ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں روہت شرما نے تیز ترین سینچری کا ریکارڈ برابر کر دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

انڈین کرکٹر روہت شرما نے سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں عمدہ اننگز کھیل کر تیز ترین سینچری کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔

اندور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں روہت شرما نے 35 گیندوں پر سنچری سکور کی۔ اس سے قبل رواں سال ہی جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈیوڈ ملر نے بنگلہ دیش کے خلاف 35 ہی گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا۔

روہت شرما نے اس میچ میں 43 گیندوں پر 10 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 118 رنز سکور کیے۔ یہ کسی بھی انڈین کی جانب سے اس فارمیٹ میں بنائی جانے والی سب سے تیز ترین سینچری ہے۔

روہت شرما کی ون ڈے کرکٹ میں تیسری ڈبل سنچری

اس سے قبل انڈیا کے کیل راہول نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں 46 گیندوں پر سینچری سکور کی تھی۔

ان کی اس جارحانہ اننگز کی بدولت انڈیا نے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اپنا سب سے بڑا سکور بھی بنایا۔

انڈیا نے سری لنکا کو اس میچ میں جیتنے کے لیے 261 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 172 رنز ہی بنا سکی۔

روہت شرما کی اس عمدہ اننگز پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر کافی تعریف کی جا رہی ہے۔

صرف یہی نہیں انڈین ٹیم نے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے زیادہ 21 چھکوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔ ان 21 چھکوں میں روہت شرما نے 10 اور ان کے ساتھ اوپننگ کرنے والے کیل راہول نے آٹھ چھکے لگائے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کے خلاف حالیہ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی روہت شرما نے ایک مرتبہ پھر ڈبل سینچری سکور کی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں