فٹبالر جارج ویا لائبیریا کے صدر منتخب

جارج ویھ تصویر کے کاپی رائٹ AFP

فٹبال کلب چیلسی، مانچیسٹر سٹی اور اے سی میلان کے سابق کھلاڑی جارج ویا لائبیریا کے صدر بن گئے ہیں۔

اکیاون سالہ جارج ویا سنہ 1995 میں بیلن ڈی اور جیتنے والے پہلے غیر یورپی کھلاڑی رہ چکے ہیں۔ ان کے 18 سالہ فٹبال کریئر کا اختتام 2003 میں ہوا تھا۔

اس کے بعد وہ سیاست میں داخل ہو گئے اور لائبیریا کی پارلیمان میں بطور سینیٹر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

فلپائن کے باکسر پیکاؤ سیاست کے میدان میں

کاتالونیہ الیکشن: مسلم خاتون ایک سیاسی مشن پر

جمعرات کو لائبیریا کی نیشنل الیکشن کمیشن نے ان کی جیت کا اعلان کیا اور کہا کہ انھوں نے اپنے مخالف امیدوار کے مقابلے میں 60 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے۔

جیسے ہی ان کی جیت کی خبر سامنے آئی تو ان کے سپورٹر دارالحکومت مونورویا میں جشن منانے لگے۔

جارج ویھ کئی دہائیوں میں پہلی مرتبہ لائبیریا میں اقتدار کی منتقلی کے اس مرحلے میں افریقہ کی پہلی منتخب خاتون صدر کی جگہ اب اقتدار سنبھالیں گے۔

انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد جارج ویھ نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا: ’میرے لائبیرین ساتھیو، میں پوری قوم کے جذبات کو محسوس کر رہا ہوں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’مجھے آج ملنے والی ذمہ داری اور اس کی اہمیت کا احساس ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

کھیل سے سیاست تک

جارج ویا کھیل کے میدان سے سیاسی دنیا میں قدم رکھنے والے پہلے کھلاڑی نہیں ہیں۔

سیبیسٹیئن کو اولمپک چیمپیئن سے دارالعوام اور پھر دارالامرا پہنچے، اور اب وہ ایتھلیٹکس کی عالمی گورننگ باڈی آئی اے اے ایف کے سربراہ ہیں۔

پاکستانی کرکٹر اور کپتان عمران خان جن کی قیادت میں پاکستان نے سنہ 1992 میں ورلڈ کپ جیتا گذشتہ 20 سالوں سے سیاست میں ہیں۔ انھوں نے 1996 میں پاکستان تحریک انصاف کے نام سے اپنی سیاسی جماعت بنائی۔

شطرنج کے لیجنڈ کھلاڑی گیری کیسپاروو نے 2007 میں روسی صدارتی انتخابات میں حصہ لیا تھا، اور وہ روسی صدر ولادی میر پوتن کے بڑے ناقدین میں شامل ہیں۔

فلپائنی باکسر مینی پیکیو اپنے 12 سالہ کریئر میں پانچ الگ الگ کیٹیگریوں میں عالمی ٹائٹل جیت چکے ہیں لیکن اب وہ فلپائن میں سینیٹر ہیں۔

تین بار کے ہیوی ویٹ چیمپیئن باکسر وتالی کلچکو یوکرین کے دارالحکومت کیف کے میئر ہیں۔ وہ اس سے قبل وہ بطور صدر ملک چلانے کی خواہش کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں