اولمپکس:تجرباتی سائیکل ریس کا کامیاب انعقاد

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption برطانوی سائیکلٹس مارک کیونڈش نے یہ ٹیسٹ ریس جیت لی

اولمپک منتظمین نے سنہ دو ہزار بارہ کے لندن اولمپکس مقابلوں کے سلسلے میں ہونے والی تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

اولمپکس کی تیاریوں کے سلسلے میں لندن میں اتوار کو ایک سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیا کے بہترین سائیکلسٹس نے شرکت کی۔

لندن سرے سائیکل کلاسک کے شرکاء کو سینٹرل لندن سے باکس ہل اور پھر واپس سینٹرل لندن تک لے جایا گیا۔

اس دوران سائیکلٹس کو ہیمٹن کورٹ پیلس، والٹن آن ٹیمز اور ڈارکنگ سے بھی لے جایاگیا۔

برطانوی سائیکلٹس مارک کیونڈش نے یہ تجرباتی ریس تقربیاً ایک لاکھ افراد کی موجودگی میں جیت لی۔ انہوں نے تین گھنٹے، اٹھارہ منٹ اور گیارہ سیکنڈ میں یہ فاصلے طے کیا۔ اٹلی کی ساچا موڈولو نے دوسری جبکہ فرانس کے سیموئیل نے تیسری پوزیش حاصل کی۔

مارک کیونڈش نے ریس دیکھنے کے لیے آنے والے افراد کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شائقین نے پورے راستے میں ہماری حوصلہ افزائی کی۔

سنہ دو ہزار بارہ کی لندن اولمپیکس کی آرگنائزنگ کمیٹی کی ڈائریکٹر سپورٹس ڈیبی جیونز نے کہا ہے کہ وہ اس ریس کے کامیاب انعقاد پر بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ریس سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور ہم مستقبل میں بھی ایسے تجرباتی پروگرام منعقد کریں گے۔

ڈیبی جیونز کے مطابق اس ریس کے اختتام پر ہم نے بین الاقوامی فیڈریشنز، ان کے تکنیکی عملے اور کمشنرز جنہوں نے ہمارے ساتھ اس روٹ پر سفر کیا کے ساتھ تفصیلی مذاکرات کیے جس کے بعد وہ ہمیں اپنی فیڈ بیک سے آگاہ کریں گے۔

تاہم سماجی نیٹ ورکنگ کی ویب سائٹس نے اس ریس کی وجہ سے ٹریفک میں پیدا ہونے والی مشکلات کی شکایات کی ہیں۔ دوسری جانب لندن ٹرانسپورٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہیتھرو ائیر پورٹ اور ایم ٹوئنٹی فائیو پر ٹریفک کے خلل کے بارے میں پہلے ہی وارننگ جاری کر دی تھی۔

اسی بارے میں