زمبابوے سے بنگلہ دیش کو پھر شکست

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption زمبابوے کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے

زمبابوے نے بنگلہ دیش کو دوسرے ایک روزہ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور عمرالقیس نے اننگز کا آغاز کیا۔ بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف نو رنز کے مجموعی سکور پر تیم اقبال تین رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتیں رہیں اور اس کی پوری ٹیم اڑتالیسویں اوور میں ایک سو اٹھاسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ایک موقع پر ایک سو گیارہ رنز کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی سات وکٹیں گر چکی تھیں۔ تاہم اس موقع پر ناصر حسین اور عبدالرزاق نے آٹھویں وکٹ کے لیے پینسٹھ رنز کی شراکت قائم کی۔ ان دونوں بلے بازوں نے بالترتیب تریسٹھ اور پینتیس رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے برائن ویٹوری نے پانچ اور چگمبورا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں زمبابوے نے ایک سو نواسی رنز کا ہدف چوالیس اعشاریہ ایک اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ زمبابوے کی جانب سے سیباندہ سٹرسٹھ اور تاتندا تائیبو اکسٹھ رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع السلام، محمد عبداللہ اور محمد اشرفل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوے کے برائن ویٹوری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔