ہرارے: زمبابوے کی سنسنی خیز فتح

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں زمبابوے کو تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے

ہرارے میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوے نے دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو پانچ رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔

دو سو اکاون رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم انچاس اعشاریہ دو اوورز میں دو سو پینتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بنگلہ دیش کی اننگز کی خاص بات مشفکر رحیم کی شاندار سینچری تھی، انہوں نے سو گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ایک سو ایک رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کے دوسرے نمایاں بلے باز تمیم اقبال رہے، انہوں نے دو چوکوں کی مدد سے چوالیس رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے اتسیا نے تین جبکہ جاروس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے زمبابوے نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچاس رنز بنائے تھے۔

زمبابوے کی جانب سے تاتندا تائیبو نے چار چوکوں کی مدد سے تراسی رنز بنائے۔

زمبابوے کے دوسرے نمایاں بلے باز چگمبورا رہے ، انہوں نے اکتیس رنز بنائے۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سریز میں زمبابوے کو تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

ہرارے میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں زمبابوے نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔

بنگلہ دیش کے مشفکر رحیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں