’پریشان نہیں ہونا، شکست کھیل کا حصہ ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ ALLSPORT Getty Images
Image caption انگلینڈ نے کھیل کے ہر شعبے میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو مات دی ہے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اپنے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں تین ٹیسٹ میچ ہارنے کے باوجود انھیں دل چھوٹا نہیں کرنا چاہیے۔

رواں ہفتے جمعرات سے شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میچ میں دھونی کی کوشش ہو گی کہ وہ بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں چار صفر کے ’وائٹ واش‘ سے بچا سکیں۔

بھارتی وکٹ کیپر اور بلے باز کا کہنا تھا ’کچھ ٹیمیں بہت جلدی پریشان ہو جاتی ہیں لیکن ہم لوگ آگے کا سوچ رہے ہیں اور مستقبل روشن ہے۔‘

فی الوقت بھارت کے لیے دورۂ انگلینڈ ہولناک رہا ہے۔ انگلینڈ نے کھیل کے ہر شعبے میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو مات دی ہے۔

اینڈریو سڑاؤس کی ٹیم نے ایجبیسٹن میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو نہ صرف ایک اننگز اور دو سو بیالیس رنز سے شکست دی بلکہ اس کامیابی سے آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام بھی بھارت سے چھین لینے کی راہ ہموار کی۔

تاہم دھونی یہ جانتے ہیں کہ بھارت کو مزید محنت کرنے کی اشد ضرورت ہے لیکن وہ ہرگز نہ امید نہیں ہیں۔

انھوں نے کہا ’میچ کا انجام چاہے جو بھی ہو آپ کی کوشش یہی ہونی چاہیے کہ کھیل کے اہم اور بنیادی اصولوں پر چلا جائے۔‘

’ہم لوگ چوتھے ٹیسٹ میچ میں یہی کریں گے اور طے شدہ پلان کے تحت ہی میچ کھیلیں گے، چاہے جیت ہو یا ہار۔‘

ان کا کہنا تھا ’کرکٹ ایک کھیل ہے اور اس میں مشکل وقت آنا کوئی بڑی بات نہیں ہے بلکہ یہ مشکل وقت ہی زندگی کو دلچسپ بناتا ہے۔‘

خیال رہے کہ بھارت نے انگلینڈ کے خلاف گزشتہ سولہ ٹیسٹ سیریز میں صرف تین میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وہ انگلینڈ کے خلاف پہلی چھ سیریز کے دوران ایک بھی ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ بھارت نے انگلینڈ کے خلاف سنہ انیس سو اکہتر میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔

اسی بارے میں