ایف اے کپ میچ فیس بُک پر

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption گزشتہ سال مانچسٹر یونائٹڈ نے ایف کپ جیتا تھا

ایف اے کپ کا ایک ابتدائی میچ پہلی مرتبہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

اس سال ان مقابلوں کا ابتدائی میچ جو ایشکوٹ یونائٹڈ اور ویمبلے کے درمیان کھیلا جانے والا ہے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دیکھا جا سکے گا۔

یہ مقابلہ جو جمعہ کی شام کو سات بچ کر پینتالیس منٹ پر شروع ہو گا۔ یہ مقابلہ اب دنیا بھر میں کروڑوں لوگ دیکھ سکیں گے۔

انگلش فٹ بال لیگ کی فہرست میں یہ دونوں کلب سب سے نچلی سطح پر ہیں اور ان دونوں کلبوں کو میچ کی نشریات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں کچھ حصہ دیا جائے گا۔

یہ میچ ایف اے کپ کے نئے سپانسر بڈ وائزر کے فیس بک پیج پر دیکھا جا سکے گا اور اسے صرف اٹھارہ سال سے زیادہ عمر کے لوگ ہی دیکھ سکیں گے۔

یہ میچ ایشکاٹ ریس کورس پر کھیلا جانے والا ہے جس میں ڈیڑھ ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other

ایشکاٹ کے چیئرمین مائیک ہیریسن نے کہا کہ یہ کلب کے لیے بہت بڑی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ایف اے کپ اپنی کشش کھو رہا ہے لیکن پورے شہر میں اس کا شور ہے۔

ایشکاٹ یونائٹڈ نچلی سطح کا اِس ملک کا سب سے بڑا کلب ہے جہاں ہر عمر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی ستر سے زیادہ ٹیمیں ہیں۔

مائیک ہیرسن نے کہا کہ گزشتہ شب ایک لیگ میچ کو دیکھنے کے لیے صرف اٹھاسی افراد موجود تھے لیکن جمعہ کے میچ میں یہ تعداد ہو سکتا ہے پانچ سو سے آٹھ سو تک پہنچ جائے۔

انہوں نے کہا کہ فیس بک پر یہ میچ لاکھوں افراد دیکھیں گے اور یہ ایک حیران کن بات ہے۔

ایف اے کپ کے ترجمان نے کہا کہ ہو سکتا ہے ان مقابلوں کے کئی اور ابتدائی میچ بھی فیس بک پر دکھائے جائیں۔

لیکن یہ پہلے راونڈ کے مقابلوں سے پہلے ہی ممکن ہو سکے گا کیونکہ پہلے راونڈ کے مقابلوں کے نشریاتی حقوق آئی ٹی وی اور ای ایس پی این نے خریدے ہوئے ہیں۔

اسی بارے میں