شعیب ملک زمبابوے کے لیے ٹیم میں شامل

شعیب ملک
Image caption کرکٹ بورڈ غیر ملکی بینکوں میں جمع شیعب کے سرمائے پر شک کی بنیاد پر تحقیقات کر رہا تھا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے سابق کپتان شعیب ملک کو زمبابوے کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

شعیب ملک زمبابوے کے لیے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لگائے گئے کیمپ میں بھی شامل کر لیے گئے ہیں۔ یہ کیمپ اتوار کو ختم ہو رہا ہے۔

شعیب ملک کو جمعہ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی نے ایک طویل عرصے کی تحقیقات کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کےلیے کلیئر کر دیا تھا۔

لاہور سے نامہ نگار مناء رانا کے مطابق شعیب ملک کو زمبابوے کے لیے اعلان کردہ سکواڈ میں ریزرو کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا تھا تاہم کلیئرنس کی شرط عائد کی گئی تھی۔

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ سے مشورے کے بعد انہیں سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے کیونکہ ہر ایک کا یہ کہنا تھا کہ ان کے تجربے سے ٹیم مزید مضبوط ہو گی۔

زمبابوے کے دورے تک کے لیے پاکستان کی ٹیم کے کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کی شمولیت سے ٹیم کی طاقت میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شعیب ملک میں بہت سی کرکٹ باقی ہے اور یہ اچھا ہے کہ وہ ایک بار پھر ٹیم کو دستیاب ہیں۔

شعیب ملک کوگزشتہ سال پاکستان کی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے بعد قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ غیر ملکی بینکوں میں جمع ان کے سرمائے پر پاکستان کرکٹ بورڈ شک کی بنیاد پر تحقیقات کر رہا تھا۔

شعیب ملک بورڈ سے کلیئر نہ ہونے کے باوجود فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے تھے اور قائد اعظم ٹرافی میں انہوں نے 73 اعشاریہ پانچ سات کی اوسط سے 799 رنز بنائے جو اس ٹرافی میں دوسرا بڑا سکور تھا۔

اسی بارے میں