ون ڈے سیریز، سہواگ کی جگہ اجنکیا رہانے

 اجنکیا رہانے تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اجنکیا نے آئی پی ایل میں ممبئی اور راجستھان کی طرف سے کھیلا ہے

بھارت کے بلے باز وریندر سہواگ کے زخمی ہونے کے سبب انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں اوپننگ کے لیے ان کی جگہ اجنکیا رہانے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بھارتی ریاست مہاراشٹر میں پیدا ہوئے اجنکیا رہانے جلد ہی انگلینڈ کے لیے روانہ ہونگے۔

قومی ٹیم میں منتخب ہونے پر وہ بہت خوش ہیں۔ بی بی سی سے بات چیت میں اجنکیا نے کہا کہ وریندر سہواگ سے ان کا موازانہ درست نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا ’سب کو پتہ ہے کہ ویرو بھائی کتنے بڑے کھلاڑی ہیں، ان کے ساتھ میرا موازنہ کرنا غلط بات ہے۔ میں تو یہی کہوں گا کہ مجھے جو موقع ملا ہے اس میں اچھی کارکردگی کا مظاہر کرنے کی کوشش کروں گا۔‘

تیئیس برس کے اجنکیا رہانے آئی پی ایل میں ممبئی اور راجستھان رائلز کی ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں انتخاب سے ان خواب پورا ہوا ہے۔

اجنکیا نے کہا ’بھارتی ٹیم میں شامل کیے جانے سے میرا ایک خواب پورا ہوا ہے اور مجھے پتہ ہی نہیں چل رہا تھا کہ میرا اس پر کیا رد عمل ہونا چاہیے۔ اس کامیابی میں میرے گھر والوں کا بہت ہاتھ ہے جنہوں نے مجھ سے بہت تعاون کیا ہے۔‘

اجنکیا نے بتایا کہ ٹیم میں لیے جانے کے متعلق پہلے سے انہیں کچھ بھی پتہ نہیں تھا اس لیے یہ ایک سرپرائز گفٹ کی طرح تھا۔

بات چیپت کے دوران جب ان سے انگلینڈ کے ساتھ ٹیسٹ سیریز میں بھارت کی خراب کارکردگی کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے اس پر کچھ بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption رہانے نےگھریلو کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا

ان کا کہنا تھا کہ گھریلو کرکٹ اور آئی پی ایل میں ان کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے انہیں قومی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔

ان کا کہنا تھا ’آئي پی ایل پوری دنیا دیکھتی ہے اور اگر آپ اس میں اچھا کریں تو سب کی نظر میں آجاتا ہے۔گھریلو کرکٹ میں میں نے جو بھی کیا ہے اس کا بھی مجھے پھل ملا ہے۔‘

رہانے کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں سچن تیندولکر اور راہول ڈراوڈ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی ان کے رول ماڈل ہیں اور ان ہی پر ان کی نظر رہتی ہے۔

انگلینڈ میں اپنی حکمت عملی کے متعلق انہوں نے کہا کہ وہاں پہنچنے کے بعد حالات اور وکٹ کے متعلق جاننے کے بعد وہ اپنی حکمت عملی طے کریں گے۔

اسی بارے میں