شارجہ میں نو سال بعد ٹیسٹ میچ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم نو سال کے طویل عرصے کے بعد دوبارہ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب ا مارات میں اپنی’ ہوم سیریز‛ کا شیڈول جاری کردیا ہے جس میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ شارجہ میں تین سے سات نومبر تک کھیلا جائے گا اس کے علاوہ ایک ون ڈے میچ بھی شارجہ میں ہوگا۔

شارجہ کسی زمانے میں انٹرنیشنل کرکٹ کا ایک اہم مرکز تھا جہاں ہر سال باقاعدگی سے ون ڈے انٹرنیشنل میچز منعقد کیے جاتے تھے اس کے علاوہ جب غیرملکی ٹیموں نے سکیورٹی کے خدشات کےسبب پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کیا تو شارجہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو اور آسٹریلیا کے خلاف بھی دو ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کی تاہم میچ فکسنگ کے شبہات اور الزامات کی زد میں آنے کے بعد شارجہ کرکٹ پر سوالیہ نشان لگ گیا۔

دو ہزار تین میں شارجہ نے آخری مرتبہ کسی بڑے ون ڈے ایونٹ کی میزبانی کی اسوقت تک اس میدان پر سب سے زیادہ ایک سو اٹھانوے ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے تھے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کی بین الاقوامی حیثیت بحال ہونے میں سات سال لگے جب گزشتہ سال وہاں افغانستان اور کینیڈا کے درمیان دو ون ڈے میچز کھیلے گئے اور اس کے ساتھ ہی شارجہ میں ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی ڈبل سنچری بھی مکمل ہوگئی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ اٹھارہ سے بائیس اکتوبر تک ابوظہبی میں اور دوسرا ٹیسٹ چھبیس سے تیس اکتوبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔

پہلے تین ون ڈے گیارہ ۔چودہ اور اٹھارہ نومبر کو دبئی میں ہونگے۔چوتھا ون ڈے بیس نومبر کو شارجہ میں اور پانچواں ون ڈے تیئس نومبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

پچیس نومبر کو واحد ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی ابوظہبی کرے گا۔

اسی بارے میں