فٹبال ورلڈ کپ 2014 ، الٹی گنتی شروع

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption برازیل میں بارہ جون سنہ دو ہزار چودہ کو اس ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گا

جنوبی امریکہ کے ملک برازیل میں سنہ دو ہزار چودہ میں منعقد ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔

فٹبال مقابلوں کے شروع ہونے میں ایک ہزار دن باقی رہ گئے ہیں۔

برازیل کے صدر ڈلما رؤسف نے بیلو ہورزنٹ سٹیڈیم میں فٹبال کے مشہور کھلاڑی پیلے کے ساتھ اس ’کاؤنٹ ڈاؤن‘ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر رؤسف نے وعدہ کیا کہ بڑی مشکلات کے باوجود فٹبال کے عالمی کپ کے لیے نئے سٹیڈیم اور دوسرا بنیادی ڈھانچہ وقت پر تیار کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے میں کی جانے والی سرمایہ کاری یورو زون کے ممالک اور امریکہ میں جاری بین الاقوامی مالی بحران کی وجہ سے متاثر نہیں ہو گی۔

برازیل میں بارہ جون سنہ دو ہزار چودہ کو اس ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گا۔

واضح رہے کہ برازیل کو اس تاریخ سے پہلے ہر حال میں بارہ نئے سٹیڈیمز تعمیر کرنے ہوں گے۔

برازیل میں تعمیر ہونے والے یہ سٹیڈیمز اپنے مقررہ وقت سے پیچھے ہیں اور اس وجہ سے ان پر آنے والے اخراجات تخمینے سے زیادہ ہیں۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ برازیل کے شہریوں کو امید ہے ان کے ملک میں منعقد ہونے والا فٹبال کا عالمی کپ کامیاب ہو گا۔

برازیل کے کچھ شہروں میں کام کرنے والے مزرود ہڑتال پر ہیں جن میں ریو ڈی جنیریو کا مراکانہ سٹیڈیم بھی شامل ہے جہاں فٹبال کے عالمی کپ کا فائنل کھیلا جانا ہے۔

برازیل کو اس ٹورنامنٹ کے بنیادی ڈھانچے جس میں بارہ سٹیڈیمز کی تعمیر، سڑکوں اور ہوائی اڈوں کے ٹرمینلز شامل ہیں ہر حال میں مقررہ وقت پر مکمل کرنے ہوں گے تاکہ فٹبال کے شائقین کو سفر کرنے میں آسانی رہے۔

برازیل میں اس سے پہلے سنہ انیس سو پچاس میں فٹبال کا عالمی مقابلہ منعقد ہوا تھا۔

اسی بارے میں