سیلاب زدگان کے لیے ٹینس سٹارز کی مدد

Image caption سامان کی نیلامی وہ لندن یا دبئی میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں: اعصام الحق

عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ سمیت ٹینس کے کئی صف اول کھلاڑیوں نے پاکستان میں سیلاب کے متاثرین کی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے ٹینس کی عالمی برادری سے پاکستان میں سیلاب کے متاثرین کی مدد کی اپیل کی تھی جس پر تمام کھلاڑیوں نے مدد کا وعدہ کیا تھا ان میں سے نوویک جوکووچ، راجر فیڈرر، رافیل نڈال، اینڈی مرے، کیرولن وزنیاکی اور سویتلانا کوزنٹسووا نے اپنا ٹینس کا سامان انہیں دینے کا فیصلہ کیا۔

اعصام الحق کے مطابق ماریا شراپووا اور رافیل نڈال کے سوا تمام کھلاڑیوں کا سامان انہیں مل چکا ہے۔ کھلاڑیوں کے اس سامان میں شرٹس، جوتے، ٹوپیاں اور دوسری چیزیں شامل ہیں اور ان کی نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدنی سے وہ سیلاب کے متاثرین کی مدد کرینگے۔

اعصام الحق نے کہا کہ گزشتہ سال بھی برائن برادرز نے انہیں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے دس ہزار ڈالرز دیے تھے اور اس مرتبہ اے ٹی پی نے بھی اپنی گرانٹ سے انہیں دس ہزار ڈالرز دیے ہیں۔

اعصام الحق نے کہا کہ اس سامان کی نیلامی وہ لندن یا دبئی میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اگر پاکستان میں اس نیلامی سے ایک بڑی رقم اکٹھی ہونے کی توقع ہوئی تو ممکن ہے یہ نیلامی پاکستان میں ہو لیکن وہ اس جگہ کو ترجیح دیں گے جہاں زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھے ہو سکیں۔

اعصام الحق نے کہ وہ گزشتہ سال اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے خیرسگالی سفیر مقرر ہوئے تھے اور اسی پلیٹ فارم سے وہ سیلاب زدگان کی مدد کرینگے۔

گزشتہ سال انہوں نے جو کوششیں کی تھیں وہ بارآور ثابت ہوئیں اور تمام پیسہ مستحقین تک پہنچا اور اس بار بھی وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ امدادی رقم مستحقین تک پہنچےاور ان کے کام آئے۔

اسی بارے میں