سچن تندولکر کے خوابوں کا گھر

سچن تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption تندولکر اپنے نئے مکان سے بہت خوش ہیں

بھارت کے مایہء ناز کرکٹ کھلاڑی سچن تندولکر کا اپنا ذاتی مکان ہونے کا خواب پورا ہوگيا ہے اور وہ اس نئے مکان میں منتقل ہوگئے ہیں۔

ان کا نیا مکان ممبئی شہر کے باندرہ علاقہ میں واقع ہے اور وہ بدھ کے روز اس مکان میں اپنے خاندان کے ساتھ منتقل ہوئے تھے۔

سچن اس سے پہلے ایک فلیٹ میں رہتے آئے تھے اس تین منزلہ عمارت کو ان کی پسند کے مطابق ڈیزائن کیا گيا ہے اورگھر تقریبا چھ سو سکوائر فٹ کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے۔

نامہ نگاروں نے جب نئے گھر کے بارے میں ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ’ہر شخص کا خواب ہوتا ہے کہ اس کا ایک گھر ہو۔ میرا بھی یہی خواب تھا، مجھے خوشی ہے کہ میں اس خواب کو پورا کو سکا ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ماں کو بھی یہ جگہ دکھانے کے لیے لائے ہیں۔ گھر میں زیر زمین دو تہہ خانے ہیں، بلند چہاردیواری ہے اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں۔

سچن نے دو ہزار سات میں ایک خستہ حال بانگلو خریدا تھا اور اسی کی جگہ یہ مکان دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔

سچن تندولکر بھارت کے ہی نہیں بلکہ دنیا کے معروف کرکٹر ہیں۔ بھارت میں ان کے مداح انہیں کرکٹ کا ’خدا‘ کہتے ہیں۔

وہ گزشتہ بائس برسوں سے انٹرنیشنل کرکٹ کھلتے آئے ہیں اور اس عرصے میں انہیں ٹیسٹ کی ٹیم سے کبھی باہر نہیں رکھا گيا ہے۔

یہ الگ بات ہے کہ آج انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی کرکٹ سیریرز کے لیے جس ونڈے ٹیم کا اعلان کیا گيا ہے اس میں ان کا نام پھر شامل نہیں کیا گيا ہے۔ سچن نے دنیا میں سب سے زیادہ سنچریاں سکور کی ہیں۔

اسی بارے میں