انگلینڈ کی چھپن رنز سے فتح

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ اگلے ہفتے جمعے کو کھیلا جائے گا۔

انگلینڈ کے بولر سٹیون فِن کی ہیٹ ٹرک کی مدد سے انگلینڈ نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن الیون کے خلاف کھیلا جانے والا پہلا ایک روزہ میچ چھپن رنز سے جیت لیا ہے۔

اگرچہ فِن کی پہلی بال پر چھکا لگایا گیا تھا لیکن انھوں نے اس کے بعد شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کے باعث مقامی ٹیم ایک سو تریسٹھ رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

اس سے پہلے انگلینڈ نے پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے مقامی ٹیم کو دو سو انیس رنز کا ہدف دیا تھا۔

تاہم انگلینڈ کو بیٹنگ کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ایک وقت تھا جب ایک سو چوبیس کے سکور پر اس کے چھ کھلاڑی پویلین واپس جا چکے تھے۔ تاہم اس دوران روی بوپارا ٹیم کا سہارا بنے اور انھوں نے ترہتر رنز سکور کیے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھارت کے دورے پر آئی ہوئی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ اگلے ہفتے جمعے کو کھیلا جائے گا۔ جمعے کو کھیلے جانے والے میچ سے قبل انگلینڈ کی ٹیم حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن الیون کے خلاف ایک اور پریکٹس میچ کھیلے گی۔