انڈیا نے ون ڈے سیریز جیت لی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption مہندر سنگھ دھونی نے انڈیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

انڈیا نے انگلینڈ کو موہالی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں ہرا کر پانچ میچوں میں تین صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ نے انڈیا کو میچ جیتنے کے لیے دو سو ننانوے رنز کا ہدف دیا جسے اس نے آخری اورر میں حاصل کر کے پانچ میچوں کی سیریز میں تین صفرسے برتری حاصل کر لی ہے۔

انڈیا کی جیت میں اوپنر ریحانے کی عمدہ اننگز نے اہم کردار ادا کیا۔ اجنکے ریحانے نے اکانوے رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر انڈیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی نے آخری اوروں میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا کی فتح کو یقینی بنایا۔گوتھم گھمبیر نے بھی نصف سینچری سکور کر کے انڈیا کے پوزیشن کو مستحکم بنایا۔

اس سے قبل انگلینڈ کی طرف جوناتھن ٹراٹ، سمت پٹیل، اور کیون پیٹرسن نے عمدہ بیٹنگ کر کے ٹیم کو ایک عمدہ سکور مہیا کیا۔ کپتان ایلسٹر کک ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

جوناتھن ٹراٹ نے اٹھانوے اور کیون پیٹرسن نے چونسٹھ رنز بنائے۔ سمت پٹیل نے تینتالیس گیندوں پر ستر رنز سکور کر کے انگلینڈ کی پوزیشن کو بہتر کیا لیکن انڈیا کے اوپنگ بیٹسمینوں نے ٹیم کو عمدہ آغاز مہیا کیا۔

انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے شکست کے بعد کہا کہ گزشتہ تین میچوں میں انگلینڈ کی فیلڈنگ اس معیار کی نہیں ہے جس کی انگلینڈ سے توقع کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے میچ میں انگلینڈ نے غیر معیاری فیلڈنگ کی وجہ بیس سے پچس رنز گنوائے جو شکست کا باعث بنے۔