سری لنکا دو سو انتالیس رنز پر آؤٹ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پاکستانی بولروں نے ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا

پاکستان اور سری لنکا کےمابین دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز سری لنکا دو سو انتالیس رنز بنا کر آوٹ ہو گئی ہے۔ میچ کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے بیالیس رنز بنائے تھے۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو اسے انتہائی مہنگا پڑا۔ پاکستانی بولروں نے ابتدائی اوروں میں ہی وکٹیں حاصل کر کے سری لنکا کی بیٹنگ کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان بمقابلہ سری لنکا، تصاویر

فاسٹ بولر عمر گل نے اپنے دوسرے اوور میں اوپنر تھرمانے کو آؤٹ کر دیا۔ عمرگل نے اپنے چوتھے اوور میں دوسرے اوپنر کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر سری لنکا کے مایہ ناز بیٹسمین مہیلا جے وردھنے کو آؤٹ کر کے سنسنی پھیلا دی۔ ایک موقع پر سری لنکا کے چار کھلاڑی صرف پینتالیس رنز کے مجموعی رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے۔ عمر گل کے علاوہ جنید خان نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ ہو گئے۔

کمارسنگار نے تن تنہا سری لنکا کی بیٹنگ کو سہارا دیا اور اینجلا میتھوز کے ساتھ ملکر اننگز کو سہارا دینے کی کوشش کی۔ میتھوز انیس رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ کمار سنگا کارا اٹھہتر رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر سپنر عبد الرحمن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

ایک موقع پر سری لنکا کے آٹھ کھلاڑی صرف ایک سو چون کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو چکے تھے۔ سپنر ہراتھ اور فاسٹ بولر ولےگیدرا سری لنکا نے عمدہ پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کا سکور دو سو انتالیس رنز تک پہنچا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کو سپنر سعید اجمل آؤٹ کیا

پاکستان کی بولروں میں عمر گل اور سعید اجمل نے تین تین، جبکہ جنید خان اور عبد الرحمن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی اوپنروں نے میچ آخری سات اوورں میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیالیس رنز بنائے۔

پاکستان نے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی ہے اور میڈیم فاسٹ بولر اعزاز چیمہ کی جگہ آف سپنر عبد الرحمن کو ٹیم میں شامل کیا۔