پاکستان دبئی ٹیسٹ جیت گیا

تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption جنید خان نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بولنگ کی ہے

پاکستان نے دبئی میں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو نو وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

کھیل کے چوتھے روز سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں دو سو ستاون رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کو جیت کے لیے چورانوے رنز کا ہدف ملا تھا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ محمد حفیظ انسٹھ اور اظہر علی انتیس رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی توفیق عمر تھے جنہوں نے ایک رن بنایا۔

چوتھے دن جب کھیل شروع ہوا تو سری لنکا کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید چھہتر رنز درکار تھے اور اس کی نو وکٹیں باقی تھیں۔

تاہم جب سری لنکن ٹیم کا سکور پچانوے پر پہنچا تو پاکستانی آف سپنر عبدالرحمان نے کمارا سنگاکارا کو آؤٹ کر کے پاکستان کو اہم کامیابی دلوائی۔

مہیلا جیا وردھنے صرف پانچ رن بنا سکے، انہیں سعید اجمل نے بولڈ کیا۔ اگلے ہی اوور میں جنید خان نے تلکارتنے دلشان کو ایل بی ڈبلیو کیا۔

پانچویں وکٹ کے لیے اینجلو میتھیوز اور تھرنگا پرنویتانا کے درمیان پچیس رن کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ کھانے کے وقفے کے بعد سعید اجمل نے پرنویتانا کو کیچ کروا کے کیا۔ پرنویتانا نے بہترّر رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption تھرنگا پرنویتانا نے نصف سنچری مکمل کر لی ہے

تیسرے دن ہی پاکستان کی تمام ٹیم پہلی اننگز میں 403 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی تھی اور میڈیم فاسٹ بولر اعزاز چیمہ کی جگہ آف سپنر عبد الرحمن کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

اسی بارے میں