کینیا کے جیفری موتائی کا نیا ریکارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption عالمی ریکارڈ سے موتائی اب بھی اٹھاسی سیکنڈ پیچھے ہیں

کینیا کے جیفری موتائی نے نیویارک سٹی میراتھن میں نیا ریکارڈ بنایا ہے۔

موتائی نے غیرسرکاری وقت کے مطابق میراتھن کا فاصلہ دو گھنٹے پانچ منٹ اور چھ سیکنڈ میں طے کیا جس کے مطابق وہ پرانے ریکارڈ سے دو منٹ تیز رفتاری سے دوڑے ہیں۔

تاہم عالمی ریکارڈ سے وہ اب بھی اٹھاسی سیکنڈ پیچھے ہیں جو کینیا کے ہی پیٹرک مکاؤ نے برلن میراتھن میں تینتالیس دن پہلے قائم کیا ہے۔

تیس سالہ موتائی نے اگلی گرمیوں میں اولمپک مقابلوں کے لیے اپنے آپ کو پسندیدہ کھلاڑی بنا لیا ہے۔ یہ ان کی رواں برس میں دوسری بڑی کامیابی ہے۔

اپریل میں موتائی نے بوسٹن میں ہونے والی میراتھن دوڑ کا فاصلہ سب سے زیادہ تیز رفتاری یعنی دو گھنٹے تین منٹ اور دو سیکنڈ میں طے کیا تھا۔

تاہم یہ عالمی ریکارڈ تصور نہیں کیا گیا تھا کیونکہ میراتھن کا راستہ بہت زیادہ حد تک سیدھا اور ڈھلان میں تھا۔

نیویارک سٹی میراتھن میں کینیا کے ایک اور کھلاڑی امانیوئل موتائی ایک منٹ بائیس سیکنڈ کی تاخیر سے فاصلہ طے کرسکے جبکہ تیسری پوزیشن پر ایتھوپیا کے سیگائے کیبیدے آئے۔

خواتین کی میراتھن دوڑ میں ایتھوپیا کی فائرہیوت دیدو اول جبکہ بُزونیش دیبا دوسرے نمبر پر آئیں۔ سائیس سالہ فائرہیوت دیدو نے نیویارک میں پہلی بار میراتھن میں حصہ لیا۔

تیسرے نمبر پر لندن میراتھن جیتنے والی کینیا کی میری کیٹنی آئیں۔

اسی بارے میں