دلی ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کی برتری 116 رنز

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا

دلی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر اکیس رنز بنائے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کو بھارت کے خلاف ایک سو سولہ رنز کی برتری حاصل ہے اور دوسری اننگز میں اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر فیڈل ایڈورڈز صفر اور کرک ایڈورڈز پندرہ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے پہلے بھارت کی پوری ٹیم ویسٹ انڈیز کے تین سو چار رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں دو سو نو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

بھارت کی جانب سے وریندر سہواگ نے نو چوکوں کی مدد سے پچپن رنز بنائے۔

بھارت کے دوسرے نمایاں بلے باز راہول ڈراوڈ رہے، انہوں نے چون رنز بنائے۔

بھارت کے مایہ ناز بلے باز سچن تندولکر ایک بار پھر اپنی سوویں سینچری بنانے میں ناکام رہے اور صرف سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

واضح رہے کہ تندولکر نے اپنے کیرئیر میں اکاون ٹیسٹ سینچریاں جبکہ اڑتالیس ایک روزہ سینچریاں بنائی ہیں اور انہیں سینچریوں کی سینچری مکمل کرنے کے لیے مذید ایک سینچری کی ضرورت ہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیرن سامی نے تین، جبکہ رام پال اور بشو نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

فیروز شاہ کوٹلہ کے میدان میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں تین سو چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے چندر پال نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ایک سو اٹھارہ رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے دوسرے نمایاں بلے باز براتھ ویٹ رہے، انہوں نے تریسٹھ رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے اوجھا نے چھ اور ایش ون نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسی بارے میں