محمد عامر کو اپیل کی اجازت

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption محمد عامر کی اپیل کی سماعت انتیس نومبر سے پہلے ہو گی

لندن کی ایک عدالت نے پاکستانی سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ البتہ عدالت نے انہیں اپنی سزا کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی اجازت دے ہے۔

لندن کی ایک عدالت نے پچھلے ہفتے ہی محمد عامر، سلمان بٹ، محمد آصف اور ان کے ایجنٹ مظہر مجید کو دھوکہ دہی اور رشوت ستانی کے الزام میں قید کی سزا سنائی تھی۔

محمد عامر کو صرف چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی اور اچھے برتاؤ کا مظاہرہ کرنے کی صورت میں یہ سزا گھٹ کر تین ماہ ہو سکتی ہے۔ محمد عامر کو نوجوان مجرموں کی جیل میں رکھا گیا ہے۔

لندن کی اپیلٹ کورٹ کی جج جسٹس کیتھرین تھرلوال نے محمد عامر کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا۔البتہ انہیں اپنے سزا کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنےکی اجازت دی ہے۔ جج نے حکم دیا ہے کہ انیس سالہ محمد عامر کی اپیل کی سماعت انتیس نومبر سے پہلے کی جائے۔

سابق کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف نے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان تمام درخواستوں کی سماعت ایک ہی دن متوقع ہے۔