وینزویلا: مغوی کھلاڑی کی بحفاظت واپسی

تصویر کے کاپی رائٹ getty
Image caption چوبیس سالہ راموس واشنگٹن نیشنلز بیس بال ٹیم کے رکن ہیں

جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کو اغوا کیے جانے والے امریکی بیس بال کے کھلاڑی ولسن راموس کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

وینزویلا کے وزیرِ اطلاعات آندریس ازارا کے مطابق راموس منٹالبن کے اسی پہاڑی علاقے سے ملے ہیں جہاں سے انہیں اغواء کیا گیا تھا۔

وینزویلن نژاد چوبیس سالہ راموس واشنگٹن نیشنلز بیس بال ٹیم کے رکن ہیں۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ وینزویلا میں امیر کھلاڑیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات عام ہیں۔

آندریس ازارا نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’بیس بال کے کھلاڑی راموس سکیورٹی فورسز کو پہاڑی علاقے سے زندہ مل گئے ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ راموس کی بازیابی کے لیے فضائی آپریشن کی منظوری صدر ہوگو شاویز نے دی تھی۔ وزیرِ اطلاعات کے مطابق اس اغواء کے جرم میں ایک کولمبین سمیت تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا تعلق عسکریت پسند اور اغواء کی وارداتیں کرنے والے گروہوں سے ہے۔

وینزویلا کے وزیرِ قانون طارق العصامی نے ٹی وی پر بتایا کہ راموس بخیریت ہیں جبکہ راموس کی والدہ نے بھی فون پر ان سے بات چیت کی تصدیق کی ہے۔

راموس کو وینزویلا کے دارالحکومت کراکاس سے ڈیڑھ سو کلومیٹر دور ویلنشیا کے علاقے میں واقع ان کی والدہ کے گھر سے اغواء کیا گیا تھا۔ وہ امریکہ سے کچھ مقابلوں میں شرکت کے لیے وینزویلا آئے ہوئے تھے۔