گولڈ کوسٹ دولتِ مشترکہ کھیلوں کا میزبان

گولڈ کوسٹ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption آسٹریلیا ماضی میں چار بار کامن ویلتھ کھیلوں کی میزبانی کرچکا ہے

کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ سنہ 2018 کے کامن ویلتھ کھیل آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں منعقد ہوں گے۔

ان کھیلوں کی میزبانی کے لیے سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا اور گولڈ کوسٹ اہم دعویدار تھے۔

گولڈ کوسٹ آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ کا اہم شہر ہے۔

میزبانی سونپنے کا فیصلہ ں کیربیئن جزیرے سینٹ کٹس میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے اہم اجلاس میں کیا گیا ہے۔

اس اجلاس میں شریک ممالک میں سے تینتالیس نےگولڈ کوسٹ کو جبکہ ستائیس نے ہمبنٹوٹا کو ووٹ دیے۔

دولت مشترکہ کھیلوں کی اسّی برس کی تاریخ میں آسٹریلیا چار بار ان کھیلوں کی میزبانی کرچکا جبکہ سری لنکا نے پہلی بار اس کی دعویداری پیش کی تھی۔

گولڈ کوسٹ میں پہلے سے موجود سہولیات کی بنیاد پر دعویداری پیش کی گئی تھی جبکہ 2004 میں سونامی سے متاثرہ ہمبنٹوٹا کے حکام نے وعدہ کیا تھا کہ اگر انہیں ان کھیلوں کی میزبانی کا موقع ملتا ہے تو 2016 تک وہ عالمی سطح کے نئے سٹیڈیمز کے علاوہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ اور دیگر بنیادی ڈھانچہ تیار کریں گے۔

اس موقع پر کوئنزلینڈ کی وزیراعظم اینا بلگ سینٹ کٹس میں موجود تھیں۔ اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا’گولڈ کوسٹ، کوئنزلینڈ اور آسٹریلیا کو مبارکباد! ہم نے یہ میزبانی جیت لی‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’2018 میں ہم ایسے کامن ویلتھ کھیلوں کا انعقاد کریں گے جو عالمی معیار کے ہوں گے اور جس سے کامن ویلتھ برانڈ اور ہمارے شہر کی عزت افزائی ہوگی‘۔

واضح رہے کہ 2010 کے کامن ویلتھ کھیلوں کا انعقاد بھارت میں ہوا تھا اور 2014 کے کھیلوں کا انعقاد گلاسگو میں ہونا ہے۔

اسی بارے میں