کولکتہ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو شکست

یادو تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بھارتی گیند باز اومیش یادو نے چار وکٹیں حاصل کیں

کولکتہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو ایک اننگ اور پندرہ رن سے ہرا دیا ہے۔ میچ چوتھے روز دوپہر کے بعد ہی ختم ہوگیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو دو صفر کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔

دلی میں کھیلا گيا پہلا میچ بھارت نے پانچ وکٹوں سے جیت تھا۔

تفصیلی سکور کارڈ

کولکتہ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹ کے نقصان پر 631 رنز بنائے تھے۔ اس کے جواب میں پہلی اننگز میں وسیٹ انڈیز کی ٹیم صرف 153 رنز ہی سکور کر سکی تھی۔

اس طرح ویسٹ انڈیز کو فالو آن ہوگیا۔ کھیل کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز کی طرف سے اچھی بلے بازی ہوئي لیکن دوپہر کے بعد یکے بعد دیگرے اس کی وکٹیں گرنی شروع ہوئیں اور پوری ٹیم چار سو ترسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئي۔

تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے تین وکٹ پر 195 رنز بنائے تھے۔ چوتھے روز ڈی ایم برائیو نے اپنی سنچری مکمل کی اور وہ ایک سو چھتیس رن بنا کر اوجھا کا شکار بنے۔

سیموئیل نے ان کا اچھا ساتھ دیا اور انہوں نے چوراسی رنز سکور کیے۔ لیکن ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم لڑکھڑا گئي۔

بھارت کی طرف سے اومیش یادو نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ ایشانت شرما، اوجھا اور اشون نے دو دو کھلاڑیوں ک وآؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کو دوسری اننگز کے آغاز ہی میں اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب براتھویٹ نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بارتھ اور ایڈورڈز نے مل کر اچھی شراکت کی اور مجموعی سکور 116 تک لے گئے۔ بارتھ اشانت شرما کی گیند پر 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت نے اپنی پہلی اننگ میں سات وکٹ کے نقصان پر چھ سو اکتیس رنز بنائے تھے۔ اس میں کپتان مہندر سنگھ دھونی، راہول ڈراوڈ اور لکشمن کی سنچریاں شامل ہیں۔

دھونی نےایک سو چوالیس، راہول ڈراوڈ نے ایک سو انیس اور لکشمن نے ایک سو چھہتر رنز بنائے تھے۔

اسی بارے میں