پاکستان-افغانستان کا پہلا ون ڈے فروری میں

فائل فوٹو
Image caption افغانستان میں کرکٹ ایک مقبول کھیل ہے اور اس کو مقبولیت سنہ انیس سو اناسی میں روس کے افغانستان پر کیے جانے والے حملے کے بعد ملی۔

افغانستان اور پاکستان کے مابین پہلا ایک روزہ میچ اگلے سال فروری میں شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

کرک اِنفو ویب سائٹ کے مطابق بارہ فروری کو کھیلے جانے والا یہ ایک روزہ بین الاقوامی میچ پاکستان اور انگلینڈ کی شارجہ ہی میں کھیلی جانے والی سیریز سے تین دن قبل کھیلا جائے گا۔

اس سے پہلے افغانستان، بھارت اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچ تو کھیل چکا ہے لیکن یہ اس کا پہلا ون ڈے یعنی ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے کرکٹ سے وابستہ تعلقات سنہ دو ہزار گیارہ میں خاصے بہتر ہوئے ہیں۔ رواں سال مئی میں افغانستان وہ پہلا ملک بنا جس نے مارچ دو ہزار نو میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملوں کے بعد کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دوران افغانستان کی ٹیم نے پاکستان اے کے خلاف تین ایک روزہ میچ کھیلے۔

افغانستان میں کرکٹ ایک مقبول کھیل ہے اور اس کو مقبولیت اس وقت ملی جب روس نے سنہ انیس سو اناسی میں افغانستان پر حملہ کیا اور افغانیوں کو ہجرت کر کے پاکستان آنا پڑا۔ سنہ دو ہزار نو میں ورلڈ کپ کالوفائرز میں افغانستان نے پانچویں پوزیشن حاصل کی جبکہ اسی سال کے آخر میں اسے ایک بینالاقوامی ٹیم کا درجہ دے دیا گیا۔