پاکستانی بلے بازوں کی پراعتماد بیٹنگ

تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption توفیق عمر عمدگی سے بنگلہ دیشی بولرز کا مقابلہ کر رہے ہیں

بنگلہ دیش کے شہر میر پور میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر ستاسی رنز بنا لیے۔

دوسرے دن کا کھیل خراب روشنی کی وجہ سے جلد ختم کرنا پڑا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جب کھیل ختم ہوا تو توفیق عمر چوالیس اور اظہر علی چھبیس رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو چودہ رن بنا کر ناظم الحسین کی گیند پر کیچ ہوئے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں تین سو اڑتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پہلے دن سنچری بنانے والے شکیب الحسن نے بنگلہ دیشی اننگز میں سب سے زیادہ ایک سو چوالیس رنز بنائے۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے پندرہ چوکے لگائے۔

ان کے علاوہ شہریار نفیس بارہ چوکوں کی مدد سے ستانوے جبکہ مشفق الرحیم نے چالیس رنز سکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے عمرگل اور اعزاز چیمہ نے تین، تین جبکہ سعید اجمل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ چٹا کانگ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور ایک سو چوراسی رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں