نوجوان امریکی کوہ پیما کا اعزاز

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption رومیرو نے تیرہ برس کی عمر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی

پندرہ سالہ امریکی لڑکا جورڈن رومیرو دنیا کے سات براعظموں کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والا سب سے کم عمر انسان بن گیا ہے۔

وہ سنیچر کو براعظم انٹارکٹکا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ونسن پر پہنچے۔

ان کی والدہ کے مطابق رومیرو نے بدھ کو پہاڑ پر چڑھنا شروع کیا تھا اور سنیچر کو انہیں فون کیا اور بتایا کہ وہ ماؤنٹ ونسن کی چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

رومیرو کے والد اور سوتیلی والدہ پر مشتمل ان کی ٹیم کو امید ہے کہ وہ اتوار کی شام تک بیس کیمپ میں واپس پہنچ جائیں گے۔

اس سے قبل کم عمر میں ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز برطانوی کوہ پیما جارج ایٹکنسن کے پاس تھا جنہوں نے رواں برس مئی میں سولہ برس کی عمر میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا۔

ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے جورڈن رومیرو نے چوٹیاں سر کرنے کا سلسلہ پانچ برس قبل شروع کیا تھا۔

سنہ دو ہزار چھ میں دس برس کی عمر میں انہوں نے افریقہ کی ماؤنٹ کلی منجارو اور مئی دو ہزار دس میں تیرہ برس کی عمر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی۔

اسی بارے میں