انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلیے ٹیم کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے سولہ رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ اعلان سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محمد الیاس نے پیر کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ عمر اکمل، جنید خان اور وہاب ریاض کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

شعیب ملک جو بنگلہ دیش جیسی نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں کوئی اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے، انہیں ڈراپ کردیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے قبل زمبابوے کے دورے کے دوران بھی شعیب ملک کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ شعیب ملک نے گزشتہ سال اگست سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔ لاہور سے بی بی سی کی نامہ نگار مناء رانا کے مطابق چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا کہ شعیب ملک کو نظر انداز نہیں کیا جا رہا اور انہیں مستقبل میں سلیکشن کے لیے مد نظر رکھا جا سکتا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ سترہ جنوری سے دبئی میں ہوگا تاہم اس سے پہلے انگلینڈ کی ٹیم گیارہ جنوری سے پی سی بی الیون کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ سلیکشن کمیٹی نے اس میچ کے لیے علیحدہ بارہ رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے جس کی کپتانی وکٹ کیپر سرفراز احمد کریں گے۔

وہاب ریاض کی قومی ٹیم میں واپسی سات ماہ بعد ہوئی ہے اور اطلاعات ہیں کہ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کلیئر کر دیا ہے۔ وہاب ریاض کی اس سال ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی بہت اچھی رہی اور انہوں نے قائداعظم ٹرافی ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کے لیے چھ میچز میں تیس وکٹیں لیں۔ ان کی یہی زبردست کارکردگی انہیں ٹیم میں واپس لے آئی۔ فاسٹ بالر جنید خان کا انتخاب ان کی فٹنس پر مشروط ہے۔

چیف سلیکٹر محمد الیاس کے مطابق اگرچہ انگلینڈ کی ٹیم کے لیے متحدہ عرب امارات کے گراؤنڈز پر حالات مشکل ہوں گے لیکن پھر بھی یہ سیریز پاکستان کی ٹیم کے لیے آسان نہیں ہوگی۔

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد کیا جائے گا۔

ٹیسٹ ٹیم: محمد حفیظ، توفیق عمر، عمران فرحت، یونس خان، مصباح الحق (کپتان)، اظہر علی، اسد شفیق، عمر گل، عمر اکمل، عدنان اکمل(وکٹ کیپر)، سعید اجمل، عبدالرحمن، محمد طلحہ، اعزاز چیمہ، جنید خان، وہاب ریاض۔